• news

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج  ڈاکٹر عارف علوی خطاب کریں گے

اسلام آباد(نا مہ نگار)مجلس شوری (پارلیمنٹ)کا مشترکہ اجلاس آج بروز پیر 4بجے سہ پہر پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہو گا۔ مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی خطاب کریں گے، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اجلاس میں شرکت کے لیے خصوصی دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں۔ مشترکہ اجلاس میں چاروں صوبائی گورنرز، وزرا اعلی، صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر، وزیر اعلی اور گورنر گلگت بلتستان کو شرکت کے لیے دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں۔ مشترکہ اجلاس میں چاروں صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز سمیت اسپیکرز قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر و گلگت بلتستان اور وزیر اعظم کے معاونین خصوصی کو بھی مشترکہ اجلاس میں شرکت کے لیے خصوصی دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں ۔ چیف جسٹس آف پاکستان، آڈیٹر جنرل آف پاکستان، چیف الیکشن کمشنر سمیت آئینی اداروں کے سربراہان اور وفاقی سیکرٹریز کو بھی مشترکہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اجلاس میں شرکت کے لیے مسلح افواج کے سربراہان  پاکستان میں تعینا ت غیر ملکی سفیروں اور میڈیا کے نمائندوں کو بھی خصوصی دعوت نامے جاری  کیے گے ہیں ۔ مشترکہ اجلاس میں مدعو کیے گئے معزز مہمانوں کے بیٹھنے کے انتظامات کورونا ایس او پیز  کے تحت کیے جائیں گے۔ کورونا وبا کے پیش نظر اراکین پارلیمنٹ کے مہمانوں اور سیکیورٹی گارڈز کو پارلیمنٹ ہاوس کے احاطے میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی، اس سلسلے میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے خصوصی مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔ اراکین پارلیمنٹ کی سہولت کے لیے پارلیمنٹ لاجز سے پارلیمنٹ ہاوس تک خصوصی شٹل سروس چلائی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن