• news

پیپلز پارٹی ، جماعت اسلامی فارغ: لاہور ن لیگ کا قلعہ ثابت 

لاہور (ندیم بسرا) کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابی نتائج نے لاہور کو ایک بار پھر (ن) لیگ کا قلعہ ثابت کر دیا۔ لاہور اور ملتان میں واضح شکست پر تحریک انصاف کی قیادت سخت برہم 'پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی بھی لاہور سے مکمل فارغ ہوگئی۔ پنجاب میں آئندہ سال بلدیاتی انتخابات کا انعقاد بھی خطرے میں پڑ نے کا امکان ہے۔ تحر یک انصاف کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی قیادت نے لاہور میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں کامیابی کیلئے صوبائی وزیر میاں محمود الرشید، پنجاب کے صدر سینیٹر اعجاز احمد چوہدری اور ہمایوں اختر خان کو ذمہ داری دی جبکہ (ن) لیگ کی جانب سے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ عمران نذیر ہی فرنٹ پر نظر آئے مگر انتخابی نتائج نے تحریک انصاف کی تمام پالیسیوں اور منصوبہ بندیوں کو فیل کر دیا ہے اور (ن) لیگ بڑی آسانی کے ساتھ کامیاب ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق (ن) لیگ کی نائب صدر مر یم نواز‘ خواجہ سعد رفیق اور پارٹی کے دیگر ذمہ داروں کو مبارکباد دے رہی ہیں۔ امکان ہے کہ حکمران جماعت تحریک انصاف پنجاب میں بلدیاتی انتخابات آئندہ سال کروانے کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کر سکتی ہے کیونکہ مہنگائی اور بے روزگاری سمیت دیگر معاملات کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات میں بھی عوامی فیصلہ تحریک انصاف کے خلاف آنے کا امکان ہے۔

ای پیپر-دی نیشن