• news

 پنج شیر پر مودی کی کہانیاں من گھڑت، فرقہ ورانہ فضا بنانے کیلئے بیرونی ہاتھ ملوث : شیخ رشید 

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان میں فرقہ وارانہ فضا بنائی جارہی ہے جس میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ افغانستان میں پاکستان کی دلچسپی صرف امن و استحکام ہے۔ پاکستان دنیا کے ساتھ امن و امان کی بات کرے گا۔ ہم نے امن کی خاطر طالبان کو امریکا کے ساتھ بٹھایا۔ پاکستان نے آٹھ سے دس ہزار افراد کو افغانستان سے نکال کر دوسرے ممالک تک پہنچایا۔ کل دنیا کے 8 انٹیلی جنس چیف پاکستان آئے، بھارت میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے۔ بھاتی میڈیا جھوٹ اگل رہا ہے اور چیخ چیخ کر پاکستان پر پابندیاں لگانے کی بات کررہا ہے۔ مودی پنج شیر کی من گھڑت کہانیاں چلا رہا ہے۔ افغانستان کے اکاؤنٹس منجمد کرنا کوئی دانشمندی نہیں۔ دنیا سے اپیل کرتے ہیں کہ افغانستان کے اکاؤنٹ بحال کئے جائیں۔ پاکستان نے افغان سرحد پر باڑ اس لیے لگائی تاکہ دہشت گردی نہ ہو۔ پورے پاکستان میں کہیں افغان مہاجر کیمپ نہیں۔ جو لوگ چوری چھپے پاکستان آئے تھے انہیں اسی راستے واپس بھجوا دیا ہے۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق الیکن کمشن کے تحفظات دور کئے جائیں گے۔ اپوزیشن جماعتیں ہمارے خلاف نہیں بلکہ الیکشن مہم پر ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن