• news

عمران ، پی ٹی آئی پر سرمایہ لگانے والے خوشامدی مہنگائی کے ذمہ دار ہیں : بلاول 

ملتان، خان گڑھ (سپیشل رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ملتان ائیرپورٹ پر یوسف رضا گیلانی‘ نوابزادہ افتخار احمد خان نے اسلام آباد کیلئے  روانہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئندہ الیکشن میں کلین سویپ کرے گی۔ کارکن الیکشن کی بھرپور تیاری کریں۔ جنوبی پنجاب میں پارٹی کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔ جنوبی پنجاب کے عوام کی محبتوں کا قرض انکی حقیقی عوامی خدمت سے اتاریں گے۔ جبکہ پیپلز پارٹی ملتان سٹی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری  حاجی امین ساجد سے روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ انتخابات میں نظریاتی  باصلاحیت ورکرز کو ٹکٹیں دیں گے۔ پی ٹی آئی کی طرح خوشامدی ٹولے کو نہیں نوازیں گے۔ تین سالوں کے دوران جتنی مہنگائی بڑھی، آٹا، گھی، چینی، تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اس کے ذمہ دار پی ٹی آئی کے ہی خوشامدی لوگ ہیں۔ جنہوں نے سرمایہ عمران خان اور اس کی پارٹی پر لگایا اور دس گنا پیسہ بائیس کروڑ سے زائد غریب قوم سے وصول کر  رہے ہیں۔ لیکن پیپلز پارٹی عوام کے مفاد میں حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے اور ہر سطح پر اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن