• news

بارش خیبر پی کے میں آسمانی بجلی ، لینڈ سلائیڈنگ سے 21 جاں بحق

 پشاور( بیورو رپورٹ، نمائندہ نوائے وقت) خیبر پی کے میں بارشوں، لینڈسلائیڈنگ کے باعث 21 افراد جاں بحق  ہو گئے۔ پشاور سے بیورو رپورٹ کے مطابق خیبر پی کے کے ضلع تورغر اور ایبٹ آباد میں بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجہ میں 20افراد جاں بحق جبکہ 4زخمی ہوگئے ہیں۔جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے 5افراد بھی شامل ہیں۔ واقعات میں متعدد بھینسیں اور بکریاں بھی ہلاک ہوگئیں۔ تورغر میں بارش کے باعث سیلابی ریلے سے کئی سڑکیں مکمل طور پر بہہ گئی ہیں۔تحصیل جدبائی کی یونین کونسل جھٹکا املوک باہڑئی میں آسمانی بجلی گرنے سے 3 مکانات مکینوں سمیت دریا برد ہوگئے۔ واقعہ میں 14 افراد جاںبحق اور 3 زخمی ہوگئے۔ مقامی افراد نے 11 افراد کی نعشیں نکال لی ہیں۔ ادھر ترجمان ریسکیو1122 کے مطابق پی ایم اے کاکول کے قریب گائوں پائی جو میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مکان کی چھت گرگئی۔ ملبے تلے دبے افراد میں 6کو مردہ حالت جبکہ ایک بچی کو زخمی حالت میں نکال کر ہسپتال منتقل کردیا۔ ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 35سالہ طفیل، اس کی اہلیہ، والدہ، 2بیٹیاں انایہ اور وریشہ شامل ہیں۔ وادی نیلم اور گرد و نواح میں بھی موسلادھار بارش کے باعث نالہ جاگراں میں طغیانی آگئی اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اٹھ مقام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔ مالاکنڈ شہر اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش سے دریائے سوات میں طغیانی آگئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق ٹریکٹر سلپ ہونے سے ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔

ای پیپر-دی نیشن