• news

کشمیریوں پر کیمیکل ہتھیاروں کا استعمال ، بھارت داعش کے 5 تربیتی کیمپ چلا رہا ، پاکستان : ثبوت پیش

اسلام آباد (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) دفتر خارجہ  کے ترجمان عاصم افتخار نے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت عالمی دہشتگرد تنظیم داعش کے 5کیمپ چلا رہا ہے۔  پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم کا ڈوزیئر شائع کردیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی مظالم پر مشتمل ثبوت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ معروف کشمیری حریت رہنما علی گیلانی  کے انتقال کے بعد نئی دہلی انتظامیہ اور اس کی فوج کے انتہائی منفی رویہ میں مزید واضح ہوگیا۔ ہم نے فیصلہ کیا کہ سب سے بڑے جمہوری ملک ہونے کا دعوی کرنے والے ملک کا چہرہ بے نقاب کریں گے۔ اتوار کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق  شیریں مزاری اور مشیر قومی سلامتی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے ڈوزیر میڈیا کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔ جب سے ہندوتوا حکومت بھارت میں آئی  مقبوضہ کشمیر  میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ کشمیریوں کے محاصرے کو 769 دن گزر چکے۔ سید علی گیلانی کا انتقال ہوا تو انکے گھر کا محاصرہ کیا۔ انکی وصیت کو بالائے طاق رکھتے ہوئے انہیں رات کی تاریکی میں دفن کیا گیا۔ اہل خانہ اور عزیز و اقارب کو جنازے میں شرکت سے محروم رکھا۔  131 صفحوں پر مشتمل اس ڈوزیئر کے تین باب ہیں۔ پہلے چیپٹر میں جنگی جرائم کا تذکرہ ہے۔ دوسرے چیپٹر میں فالس فلیگ آپریشنز کا ذکر ہے جبکہ تیسرے باب میں سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بھارت کی مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشششوں کا ذکر ہے۔ اس میں 113حوالے موجود ہیں جن میں 26بین الاقوامی میڈیا سے لیے گئے 41حوالے بھارت کے تھنک ٹینکس سے لیے گئے۔ پاکستان کے صرف 14حوالے ہیں۔ یہ انتہائی مستند دستاویز بنائی گئی ہے۔ 3232 کیسز جنگی جرائم سے متعلق ہیں۔ وزیر خارجہ  نے کہا کہ 1128ان افراد کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان میں ماورائے عدالت قتل، پیلٹ گنز کا استعمال شامل ہے۔ اس ڈوزیئر میں خواتین کی بے حرمتی کا تذکرہ ہے، ایک لاکھ سے زائد ایسی املاک کا ذکر ہے جنہیں جلایا گیا۔ پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے فیک آپریشنز کا تذکرہ ہے۔ وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ریپ کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا گیا،  مگر اس کی سرزنش نہیں کی جا رہی۔ یورپی ممالک دوہرے معیار پر عمل پیرا ہیں۔  شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کو بھارت کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی تحقیقات کرنی چاہئیں۔ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا کہ بھارت کی پالیسیاں نہ صرف خطے کیلئے بلکہ دنیا کے لئے خطرے کا موجب ہو سکتی ہیں۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان کے اندر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ ہم اس ڈوزیئر کو تمام مشنز اور ہر فورم پر بھجوائیں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن