• news

لاہور: بارش جاری‘ فیروز والا میں پلر‘ چھت گر گئے‘ ایک جاں بحق‘ 4 زخمی

لاہور، ننکانہ صاحب (خصوصی نامہ نگار، نمائندہ نوائے وقت) لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے اتوار کے روز بھی جاری رہا۔  لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق لاہور میں تیسرے روز بھی بارش ہوئی، جس سے شہر کے مختلف نشیبی علاقوں میں پانی گھنٹوں کھڑا رہا۔  واسا کی نکاسی آب کے لئے مخصوص ٹیموں نے اہم مقامات سے نکاسی کو یقینی بنایا تاہم مختلف نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کا کام مکمل نہ ہو سکا۔ ایم ڈی واسا لاہور سید زاہد عزیز کے مطابق  بارش کے ساتھ ہی واسا کا عملہ اور  افسران فیلڈ میں متحرک ہو گئے۔ شہر کے تمام انڈر پاسسز، اور تمام پونڈنگ پوائنٹس کلیئر کئے۔ ننکانہ صاحب سے  نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ننکانہ صاحب میں تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق لاہور روڈ کی آبادی بائے دی کٹیا میں بارشوں کی وجہ سے حویلی مویشاں کا پلر اچانک 50 سالہ محمد اسماعیل پر آ گرا  جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ گاؤں کوٹ سلیمان میں محنت کش کے مکان کی بوسیدہ چھت گرگئی۔ ملبے تلے دب کر 80 سالہ شخص شریف، 40 سالہ زاہدہ بی بی، 45 سالہ شاہدہ بی بی اور 32 سالہ ایمن بی بی شدید زخمی ہوگئے۔

ای پیپر-دی نیشن