پاکستان سویٹ ہوم کیڈٹ کالج داخلے دوسرا ٹیسٹ 3 اکتوبر کو ہو گا: زمرد خان
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) نے کہا ہے کہ پاکستان سویٹ ہوم کیڈٹ کالج میں داخلوں کے لیے دوسرے مرحلے میں ٹیسٹ 3 اکتوبر بروز اتوار کو لیے جائینگے۔ پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں سینٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں۔ کیڈٹ کالج میں داخلہ لینے والے تمام طلباء کو ٹیسٹ سینٹرز کے لیے بذریعہ ای میل اور واٹس ایپ اطلاع کر دی جائے گی۔ گوجر خان میں واقع پاکستان سویٹ ہوم کیڈٹ کالج دورے کے موقع پر پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نے کہا ہے کہ پاکستان سویٹ ہوم کیڈٹ کالج کے داخلہ ٹیسٹ پاکستان کے تمام بڑے شہروں راولپنڈی ، لاہور، ملتان ، گلگت ، سکردو، مظفر آباد ، میرپور، کراچی ،سکھر ، حیدر آباد، مردان ، پشاور، بنوں میں سینٹرز قائم کیے گئے ہیں ، تمام طلباء کو ان کے قریبی سینٹرز کے بارے میں اطلاع کر دی جائے گی۔ زمرد خان کا کہنا تھا کہ جن طلباء نے ابھی تک داخلہ ٹیسٹ کے لیے اپلائی نہیں کیا وہ فوری طور پر اپنی تمام دستاویزات پاکستا ن سویٹ ہوم کے پتے پر 2اکتوبر تک ارسال کر دیں۔ زمرد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سویٹ ہوم کیڈٹ کالج میں داخلوں کے لیے صدیق پبلک سکول کے اشتراک سے داخلہ ٹیسٹ لیے گئے تھے۔ کیڈٹ کالج میں داخلہ ٹیسٹ میں جو طلباء پہلے مرحلے میں رجسٹریشن نہیں کرا سکتے تھے اوران کے میٹرک میں فرسٹ ڈویژن آ سکتی ہے وہ فوری طور پر پاکستان سویٹ ہوم کیڈٹ کالج کے لیے رجسٹریشن کرائیں۔ زمرد خان کا کہنا تھا کہ یہ دنیا کی تاریخ کا پہلا کیڈٹ کالج ہے جو صرف یتیم بچوں کے لیے بنایا گیا ہے۔ کیڈٹ کالج میں داخلو ں کا شفاف نظام بنایا گیا ہے کیڈٹ کالج میں داخلہ صرف میرٹ کی بنیاد پر دیا جا رہا ہے۔ داخلہ ٹیسٹ کے پہلے مرحلے میں جن طلباء کے 70فیصد نمبرز حاصل کیے ہیں ان کو اطلاع کر دی گئی ہے اور جو طلباء پہلے مرحلے میں میرٹ پر پورا نہیں اتر سکے یا جو بچے پہلے مرحلے میں رجسٹریشن سے رہ گئے تھے وہ فوری طور پر اس سے فائدہ اٹھائیں اور رجسٹریشن کرا کر ٹیسٹ میں حصہ لیں۔ دوسرے مرحلے میں ٹیسٹ 3 اکتوبر کو پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں لیے جائینگے۔ زمرد خان کا کہنا تھا کہ اب اپنی بیٹیوں کے لیے بھی کیڈٹ کالج بنانا میرا اگلا مشن ہے اور میں نے اس کے لیے کام شروع کر دیا ہے جس طرح میں نے اپنے ان بیٹوں کے بہتر مستقبل کے لیے کیڈٹ کالج بنایا اسی طرح بیٹیوں کے لیے بھی کیڈٹ کالج بنا کر ان کو معاشرے میں بہترین مقام دلانے میں اپنا کردا ر ادا کرونگا۔ زمرد خان کاکہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ جو یتیم بچے ذہین اور تعلیم میں اچھے ہیں ان کو ایک موقع اور فراہم کر کے ان کی صلاحیتوں کو نکھارا جائے تاکہ وہ پاکستان سویٹ ہوم کیڈٹ کالج کا حصہ بن کر اپنے خواب پورے کر سکیں اور اس ملک کا نام رو شن کر سکیں۔