چینی کمپنیاں سر مایہ کاری کریں ، ہر ممکن سہولتیں دیں گے: عمران
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی، نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کی پالیسی پر تندہی سے عمل پیرا ہے۔ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔ پاکستان میں درمیانے اور چھوٹے درجے کی صنعت کی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں جن میں چینی کمپنیاں کردار ادا کر سکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چینی کمپنیوں کے سربراہان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چینی سفیر نونگ رونگ بھی موجود تھے۔ وفاقی وزراء محمد حماد اظہر، شوکت فیاض ترین، اسد عمر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی سی پیک خالد منصور اور سینئر افسران بھی موجودتھے۔ وفد نے حکومت پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو سراہا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا سرمایہ کاروں کے لیے مراعات فراہم کی جارہی ہیں اور انتظامی کارروائیوں کو سہل بنایا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نے یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے وہ ہر مہینے خود جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین سے صنعتی شعبے کی ترقی کے حوالے سے بہت سیکھ سکتا ہے۔ چینی سرمایہ کاری سے پاکستان میں روزگار کے مواقع ملیں گے اور افرادی قوت ہنر سیکھے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ زراعت، ماہی گیری، سبزی اور پھل، زیادہ پیداوار والے مال مویشی، آئی ٹی و ٹیکنالوجی اور چھوٹی صنعتوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی برائے تحفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ملاقات کی۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے احساس پروگرام کے تحت قائم پناہ گاہوں سے متعلق بریفنگ دی۔وزیراعظم عمران خان سے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور معاون خصوصی برائے تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے الگ الگ ملاقات کی ہے۔ وزیر اعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے ملاقات میں وزیراعظم کو ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔