صدر کے خطاب میں شور مچا کر اپو زیشن کے اخلاقی دیوالیہ پن کا ثبوت دیا:عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صدر کا پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن سے خطاب قومی اتحاد اور یکجہتی کا مظہر ہے۔ پارلیمنٹ کے 3 سال مکمل ہونے پر صدر نے عوامی امنگوں کی ترجمانی کی جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے غیر پارلیمانی اور غیر جمہوری رویئے کا مظاہرہ کیا۔ صدر مملکت کے خطاب کے دوران شور مچا کر اپوزیشن عناصر نے اخلاقی دیوالیہ پن کا ثبوت دیا۔ نااہل اپوزیشن نے اس اہم موقع پر بھی پوائنٹ سکورنگ کی کوشش کی۔ اپوزیشن جماعتوں کا اخلاق سے گرا رویہ قابل مذمت ہے۔ پاکستان کی ناکام ترین اپوزیشن نے پارلیمانی روایات کی دھجیاں اڑائیں۔ صدر کے خطاب کے دوران اپوزیشن جماعتوں کا شور مچانا ان کی فرسٹریشن کو ظاہر کرتا ہے۔ اپوزیشن کی قسمت میں رونا لکھا ہوا ہے اور یہ آئندہ بھی روتے رہیں گے۔ علاوہ ازیں بزدار حکومت عوام کو ای سہولتیں دینے میں سب سے آگے ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر شہریوں کو 20 سے زائد خدمات ایک کلک کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہیں۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ای پے کے ذریعے 40 ارب روپے سے زائد کے محصولات وصول کئے ہیں اور 55 لاکھ سے زائد شہری ای پے کی سہولت سے مستفید ہو چکے ہیں۔ وقت کی بچت کے ساتھ ٹیکس کی آسان ادائیگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے ٹوکن ٹیکس، پراپرٹی ٹیکس، پروفیشنل ٹیکس، کاٹن فیس، ای آکشن اور موٹر وہیکلز کی رجسٹریشن و ٹرانسفر فیس ای پے کے ذریعے کی جا سکتی ہے اور اسی طرح پنجاب ریونیو اتھارٹی کے سیلز ٹیکس اور پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی ادائیگی ای پے کے ذریعے ممکن ہے۔ محکمہ آبپاشی میں ای آبیانہ سسٹم شروع کیا گیا ہے اور ابتدائی طور پر ای آبیانہ کا آغاز خانواہ، لیہ، قصور اور شیخوپورہ سے کیا گیا ہے۔ عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو ہر سطح پر فروغ دیا جا رہا ہے۔ عثمان بزدار نے عالمی یوم جمہوریت پر پیغام میں کہا ہے کہ جمہوریت ہی مساوی انسانی حقوق کی ضامن ہے اور کسی بھی معاشرے میں مساوات کیلئے جمہوریت ضروری ہے۔ جمہوریت عوام کو اقتدار میں شراکت دار بناتی ہے۔ سماجی و معاشی ارتقاء کیلئے جمہوریت کا تسلسل ضروری امر ہے اور پاکستان تحریک انصاف ملک میں جمہوری اقدار اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے پرعزم ہے۔ مودی سرکار کشمیری عوام کو جمہوری حق دینے کی بجائے ان پر انسانیت سوز مظالم ڈھا رہی ہے اور عالمی برادری کو بھارت کے غیر جمہوری اقدامات پر فوری نوٹس لینا چاہئے۔ دوسری جانب معروف صوفی بزرگ حضرت خواجہ شاہ سلیمان تونسویؒ کے عرس کی تقریبات شروع ہو گئیں۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر تحصیل تونسہ میں آج 15 ستمبر کو مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔