پیوٹن کا فون : افغانستان کو معاشی بحران سے بچانے کی ضرورت ، دنیا رابطہ رکھے: عمران
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان سے روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے ٹیلی فونک رابطہ کرکے افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے علاقائی سلامتی اور خوشحالی کے لیے افغانستان میں امن واستحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان افغانستان کی صورت حال میں قریبی رابطہ اور مشاورت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فوری فراہمی اور معاشی بحران سے بچنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کو افغانستان کے عوام کو اس اہم موڑ پر تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے اور عالمی برادری کو افغانستان سے متعلق کردار ادا کرنا چاہیے۔ وزیراعظم عمران خان نے علاقائی سکیورٹی کیلئے افغانستان میں امن و استحکام کی اہمیت اجاگر کی اور کہا کہ افغانستان کو فوری طور پر انسانی بنیادوں پر امداد کی ضرورت ہے۔ عالمی برادری کو افغانستان کے ساتھ رابطے میں رہنا چاہئے۔ مشکل حالات میں افغان عوام کو اکیلا نہیں چھوڑنا چاہئے۔ افغانستان میں معاشی بحران سے بچاؤ کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں پاک روس تعاون بڑھانے پر زور دیتے کہا کہ روس کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کو مستحکم کرنا سنگ میل ہے۔ توانائی کے شعبے میں تعاون روس کے ساتھ رابطے کا سنگ بنیاد ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن منصوبے کی جلد تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا اور روس سے تعلقات بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے روسی صدر پیوٹن کو دورہ پاکستان کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔ صدر پیوٹن نے بھی وزیراعظم عمران خان کو دورہ روس کی دعوت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان اور روسی صدر نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو کو ہدایت کی ہے کہ وہ شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرتے ہوئے جناح کنونشن سنٹر سمیت دیگر اداروں کی نجکاری کے عمل کو مکمل کریں۔ منگل کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے ملاقات کی۔ وزیراعظم کو نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ، جناح کنونشن سنٹر اور سروسز انٹرنیشنل ہوٹل لاہور کی نجکاری کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کے لئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے جاری روڈ شوز 13-21 ستمبر کے حوصلہ افزا نتائج سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کرتے ہوئے نجکاری کے عمل کو مکمل کرنے پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے مقامی حکومت کو جمہوریت کا بنیادی ڈھانچہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے فوری انعقاد کیلئے اقدامات اٹھائیں۔ ادھر وزیراعظم عمران خان نے حالیہ کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن کے نتائج پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ منگل کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب میں بلدیاتی امور سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم عمران خان کو پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے میں نئے لوکل گورنمنٹ ماڈل پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ بلدیاتی نمائندوں کے براہ راست انتخاب کو یقینی بنائیں، اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات فوری طور پر کرانے کے لئے اقدامات کریں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایک اجلاس کے دوران پنجاب کے بیشتر علاقوں میں کنٹونمنٹ انتخابات کے نتائج پر تشویش کا اظہار کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کنٹونمنٹ انتخابات میں تحریک انصاف کی کارکردگی پرغور کیا گیا۔ وزیراعظم نے پنجاب کے بیشتر علاقوں میں کنٹونمنٹ انتخابات کے نتائج پر تشویش کا اظہار کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کنٹونمنٹ انتخابات کے نتائج سے متعلق تفصیلی رپورٹ دی جائے اور جنوبی، وسطی اور شمالی پنجاب کی الگ الگ رپورٹ بنائی جائیں۔