جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ
مکرمی! میں آپ کے مؤقر جریدہ کی وساطت سے ارباب اختیار کی توجہ ادویات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی جانب مبذول کروانا چاہتا ہوں کہ آئے دن ادویات کی قیمتیں بڑھتی جا رہی ہیں۔ پچھلے دنوں 35 ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا، لیکن اس کے کچھ دن بعد ادویات کی قیمتوں میں 15 سے 150 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ہمارے ملک کا غریب طبقہ ادویات کی قیمتیں ادا کرنے سے قاصر ہے جس سے بہت سے لوگ اپنی زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔ میری وزیراعظم پاکستان عمران خان صاحب سے التجا ہے کہ ادویات کی قیمتوں پر قابو پایا جائے تاکہ غریب طبقہ بھی اپنی صحت کے بارے میں سوچ سکے۔ (احمد ریحان عارف۔ جڑانوالہ)