سپریم کورٹ نے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیخلاف درخواست مسترد کردی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی تعیناتی کیخلاف درخواست مسترد کردی۔ عدالت نے درخواست پر رجسڑار سپریم کورٹ آفس کے اعتراضات درست قرار دیتے ہوئے آئینی درخواست کو مسترد کیا۔ قائم مقام چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن میں سرونگ ججز کون ہے؟ آپ نوجوان وکیل ہیں آئینی نقطہ اٹھایا ہے، جس پر درخواست گزار نے کہا الیکشن کمشن میں کوئی سرونگ ججز بطور ممبر کام نہیں کر رہے ہیں۔ قائم مقام چیف جسٹس نے کہا آپ کہتے ہیں ریٹائرڈ بیوروکریٹ کو چیف الیکشن کمشنر نہیں لگایا جا سکتا، آپ نے کہا ہے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیلئے چیف جسٹس سے مشاورت ہونی چاہیے، کیا آپ نے چئیرمین نیب تعیناتی کیس کا فیصلہ پڑھا ہے؟۔ چیف الیکشن کمشنر ہوں یا چئیرمین نیب جوڈیشل افسر نہیں ہوتے، درخواست میں آپ نے آئینی ترمیم کو بھی چیلنج کیا ہے، جبکہ آئین کے مطابق کسی آئینی ترمیم کو چیلنج نہیں کیا جاسکتا۔ آپ کی کوشش کو سراہتے ہیں آپ نے آئینی نقطہ اٹھایا، لیکن آپکی درخواست پر جو اعتراضات اٹھائے گئے ہیں وہ درست ہیں۔