ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع ہونی چاہیے:حسن علی قادری
لاہور( کامرس رپورٹر) پروفیشنل ریسرچ فورم کے چیئرمین سید حسن علی قادری نے کہا ہے کہ انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کیے بغیر گوشواروں کی تعداد پوری کرنا ناممکن ہے ،عیداورمحرم کی تعطیلات او رکرونا کی وجہ سے لوگوں کے معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں اس لئے تاریخ میں توسیع کی صورت میں ریلیف ملنا چاہیے۔ملاقات کیلئے آئے تاجروںکے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے سید حسن علی قادری نے کہا کہ سسٹم ہیک ہونے کی وجہ سے ایف بی آر کا اپنا سسٹم بھی پوری استعداد کے مطابق نہیں چل سکا جبکہ آخری دنوں میں لوڈ پڑنے کی وجہ سے پورا سسٹم بیٹھ جاتا ہے۔ حکومت اور ایف بی آر دسمبر تک توسیع کر کے گوشواروں کی تعداد میں مزید اضافہ کر سکتے ہیں۔ سید حسن علی قادری نے کہا کہ ایف بی آر صرف ٹیکس دہندگان کو خوفزدہ کرنے کی بجائے اپنے سسٹم کو اپ گریڈ کرنے اور اس کی استعداد بڑھانے پر بھی توجہ مرکوز کرے ، ایف بی آر کے ناقص سسٹم کی وجہ سے ٹیکس دہندگان اور ٹیکس کنسلٹنٹس کے گھنٹوں ضائع ہو جاتے ہیں اور شکایات کے باوجود ٹیکس مشینری کے کانوں پرجوں تک نہیںرینگتی ۔