ریلیف کے دعوے کہاں گئے ، بلاول ، پی ڈی ایم : پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ مسترد
لاہور، اسلام آباد (نمائندہ خصوصی،خصوصی رپورٹر ‘خصوصی نامہ نگار‘ نوائے وقت رپورٹ) بلاول بھٹو زرداری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پٹرول پانچ روپے مزید مہنگا ہوگیا، خان صاحب! قوم کے اچھے دن کب آئیں گے، پیٹرول ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا کر عمران خان نے عوام کی جیبوں پر ڈاکا مارا ہے، ڈالر اور پیٹرول جب تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہوں گے تو ہر شے عوام کی دسترس سے دور ہوتی چلی جائے گی، عمران نے کہا تھا کہ میں رلاؤں گا، آج پوری قوم رو رہی ہے اور خان صاحب چین کی بانسری بجارہے ہیں، بجٹ کے بعد عوام کو ریلیف پہنچانے کے وہ بڑے بڑے دعوے کہاں گئے؟ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے جمع ہونے والے اربوں روپے پی ٹی آئی حکومت کرپشن میں اڑا دے گی۔ ادھر پی ڈی ایم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے عوام کو ریلیف دینے کے وعدے کہاں گئے؟ تین ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے کا اضافہ ناقابل برداشت ہے۔ ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ پٹرول مہنگا کرکے عوام کی غربت کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔ عوام کے پاس روٹی کھانے کے پیسے نہیں اب عمران سائیکل اور گھوڑے خریدنے کا مشورہ دیں گے۔ مسلم لیگ ن کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی ۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کے خلاف ایک اور قرارداد پنجاب اسمبلی میں رابعہ فاروقی نے جمع کروائی۔ جس میں کہا گیا ہے پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان وفاقی حکومت کے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کے فیصلہ کی پرزور مذمت کرتا ہے۔