نیوزی لینڈ ٹیم کیلئے فول پروف انتظامات کئے : عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) عثمان بزدار سے تعاون گروپ کے وفد نے ملاقات کی اور صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کے لئے دی جانے والی سہولتوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے ساز گار ترین ماحول موجود ہے اور صوبے میں سرمایہ کاروں کے لئے بہترین مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔ سرمایہ کا روں کے لئے آسانیاں پیداکی گئی ہیں اور موجودہ حکومت نے بزنس فرینڈلی ماحول کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے وزیراعلیٰ آفس میں فارن انویسٹمنٹ ڈیسک قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں دے رہے ہیں۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کو پورا تحفظ دیں گے۔ لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ مبارک سنٹر بننے سے تجارتی و معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ فارن انویسٹمنٹ کا دائرہ کار دیگر شعبوں تک بڑھایا جائے گا۔ لاہور میں سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ معاشی لحاظ سے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کے حل میں کوتاہی یا غفلت قطعاً برداشت نہیں کروں گا۔ عوامی مسائل کے حل کیلئے جانفشانی سے کام کرنے والے افسروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ فرائض سے غفلت برتنے اور عوامی مسائل کے حل میں کوتاہی پرمتعلقہ افسروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ سروس ڈلیوری کو بہتر بنانے کیلئے افسروں کو فیلڈ میں نکلنا ہوگا کیونکہ دفتر میں بیٹھ کر عوامی مسائل کا اندازہ ہوتا ہے نہ اصل حقائق سے آگاہی۔ میں نے سرپرائز وزٹ کا سلسلہ دوبارہ شروع کردیا ہے۔ پنجاب کے ہر تحصیل اور ضلع جاؤں گا اور عوام سے خود ملوں گا اور ان کے مسائل موقع پر ہی حل کیے جائیں گے۔ پنجاب میں جوافسر کام کرے گا، وہی عہدے پر رہے گا۔ عوام کے مسائل حل نہ کرنے والے افسروں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں ۔عثمان بزدار نے لاہور کے علاقے ہنجروال میں 12سالہ لڑکی سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او‘ راجن پور کے علاقے میں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے چھ سالہ بچے کے جاں بحق ہونے کا واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان پرامن ملک ہے۔ پاکستانی کھیلوں خصوصاً کرکٹ سے محبت کرنے والی قوم ہے۔ پنجاب حکومت نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کیلئے بہترین اور فول پروف انتظامات کئے۔ انہوں نے کہا دورے کی منسوخی پر شائقین کرکٹ کو افسوس ہوا۔ انشاء اللہ پاکستان میں عالمی کرکٹ کے ساتھ دیگر سپورٹس ہوں گی۔ کرکٹ ہونی چاہئے اور پرامن پاکستان میں کرکٹ ضرور ہو گی۔ کرکٹ ختم نہیں ہونی چاہئے، کرکٹ چلتی رہنی چاہئے۔