• news

بیروز گا ری کی شرح میں اضا فہ ، 22اشیا ئے ضروریہ مہنگی، 10سستی

لاہور+اسلام آباد کامرس رپورٹر+نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کی حکومت میں ملک میں بیروزگاری کی شرح میں اضافہ ہوگیا۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال میں ملک میں بیروزگاری کی شرح 1.1 فیصد بڑھ گئی۔ 2018-19ء میں بیروزگاری سات فیصد رہی۔ خیبر پی کے میں بیروزگاری کی شرح سب سے زیادہ رہی جبکہ سندھ میں بیروزگاری کی شرح سب سے کم رہی۔ خیبر پی میں بیروزگاری کی شرح 10.3 فیصد رہی، سندھ میں 4، پنجاب میں 7.4 اور بلوچستان میں 4.6 فیصد رہی۔ عوام روزگار کے نئے مواقع ملنے کی بجائے پہلے سے ملے روزگار سے بھی گئے۔ مردوں میں بیروزگاری کی شرح 3.1 سے بڑھ کر 5.9 فیصد ہوگئی۔ خواتین میں بیروزگاری کی شرح 8.3 سے بڑھ کر10 فیصد ہوگئی۔ شہروں میں بیروزگالری کی شرح 7.2 سے بڑھ کر 7.9 اور دیہاتوں میں 5 سے بڑھ کر 6.5 فیصد ہوگئی۔ دیہی علاقوں کی خواتین میں بیروزگاری کی شرح 5.9 سے بڑھ کر 8.5 فیصد اور مردوں میں 4.7 سے بڑھ کر 6.5 فیصد ہوگئی۔ علاوہ ازیں ایک ہفتے کے دوران 22 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ زندہ مرغی کی قیمت میں 7 روپے 3 پیسے کا اضافہ ہوا۔ زندہ مرغی کی فی کلو قیمت 225روپے تک پہنچ گئی۔ رواں ہفتے 20 کلو آٹے کا تھیلا 12 روپے 11 پیسے مہنگا ہوگیا۔ آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 1234 روپے تک پہنچ گئی۔ چینی کی فی کلو قیمت میں ایک روپیہ 32 پیسے کا اضافہ ہوگیا۔ چینی کی فی کلو قیمت 108.43 روپے فی کلو ہوگئی۔ گزشتہ ہفتے میں انڈوں کی فی درجن قیمت میں 5 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔ فی درجن انڈوں کی قیمت 175روپے سے زائد ہوگئی۔ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 1869 روپے سے مہنگا ہو کر 1917 روپے کا ہوگیا۔ ایک ہفتے کے دوران 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ ہفتے پیاز فی کلو 4 روپے 55 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ فی کلو پیاز کی قیمت 58 روپے 43 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی۔ گزشتہ ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت 12 روپے 47 پیسے کی کمی ہوئی۔ ٹماٹر کی فی کلو قیمت 54 روپے 65 پیسے ریکارڈ کی گئی۔ دال مونگ کی فی کلو قیمت میں 4 روپے کمی ریکارڈ کی گئی، دال چنا کی فی کلو قیمت میں ایک روپیہ 83 پیسے کمی ریکارڈ ہوئی۔ دال چنا کی فی کلو قیمت 150 روپے رہی۔ دودھ، خشک لکڑی سمیت 19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔لاہور سے کامرس رپورٹر کے مطابق ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 3 سال کے دوران آٹے، گھی اور چینی کی قیمتوں میں تقریباً 50 فیصد تک اضافہ  ہوا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق  اگست 2018 میں 60 روپے فی کلو ملنے والی چینی اب 110 روپے مل رہی ہے۔اگست 2018 میں مل آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 740 روپے تھی جو اگست 2021 کے اختتام تک 1150 روپے سے تجاوز کر گئی۔گھی کا ایک لٹر کا پیکٹ 180 روپے میں تھا جو آج 340 روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔ پٹرول کی قیمت اگست 2018میں 95 روپے 24پیسے تھی ،آج قیمت 123روپے 30 پیسے ہے۔ یعنی 28روپے سے زیادہ اضافہ ہوا۔اگست 2018 میں ڈالر 122روپے کا تھا،اس وقت ڈالر تقریباً 170 کا ہو گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن