سی پیک پر کام جاری،اپوزیشن منصوبے پر محتاط گفتگو کرے،اسد عمر
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے سی پیک پر کام کی بندش کی تردید کر دی۔ معاون خصوصی سی پیک کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں اسد عمر نے کہا کہ توانائی کے شعبے پر سب سے زیادہ کام کیا۔ توانائی کے 5864 میگاواٹ کے منصوبے مکمل ہوئے۔ 1824 میگاواٹ کے منصوبے بعد میں مکمل ہوں گے۔ بارہا کہتا ہوں اپوزیشن حکومت پر ضرور تنقید کرے‘ سی پیک پر محتاط گفتگو کریں۔ یہ دنیا سنتی ہے۔ سینٹ قائمہ کمیٹی میں سلیم مانڈوی والا نے تنقید کی تھی کہ چینی سفیر نے کہا تین سال سے سی پیک پر کچھ کام نہیں ہوا‘ سی پیک منصوبوں کا بیڑہ غرق کر دیا گیا۔ خالد منصور نے کہا تھا سی پیک پر کام کی سست رفتار کا اعتراف کرتا ہوں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی سی پیک اتھارٹی خالد منصور نے کہا ہے کہ چین پاک اقتصادی راہداری پاکستانی معیشت کی ترقی کے اہم منصوبوں میں سے ایک ہے اور یہ منصوبہ چین اور پاکستان کے مشترکہ مفادات سے ہم آہنگ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چائنا میڈیا گروپ کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاک اقتصادی راہداری کی تعمیر دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔ اس مرحلے میں ہم زراعت، ٹیکسٹائل، دوا سازی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں خصوصی اقتصادی زونز میں آکر کام کرنے کے لئے چینی کاروباری اداروں کو مدعو کریں گے۔ اس سے پاکستان میں صنعتی و مینوفیکچرنگ مراکز قائم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ دی بیلٹ اینڈ روڈ کی ترقی کے ساتھ ساتھ افغانستان کو مشترکہ ترقی کا موقع ملے گا۔ 10 ویں مشترکہ رابطہ کمیٹی (جے سی سی) کا اجلاس رواں ماہ کے آخری ہفتے میں منعقد ہوگا۔ انہوں نے سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت تعمیر و ترقی کے سلسلے کوآگے بڑھانے کے پاکستان کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مقامی لوگوں کے لیے بے شمار ملازمتیں پیدا ہوں گی۔