اترپردیش ، بارش اور سیلاب سے 10افراد ہلاک،تعلیمی ادارے بند
نئی دہلی(اے پی پی)بھارت کی شمالی ریاست اترپردیش میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسلا دھار بارش اور سیلاب کے باعث 10 سے زیادہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ دو دن کے لیے تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں ۔ چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق موسلا دھار بارش اور سیلاب سے کئی اضلاع میں ریڈ الرٹ بھی جاری کیا گیا ،ریاستی حکومت نے لوگوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے اور اگلے دو دنوں تک غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سلطان پور ، لکھنوئو ، رائے بریلی ، سیتا پور اور ایودھیا سمیت ریاست کے کئی اضلاع میں 100 ملی میٹر تک موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس کی وجہ سے بیشترعلاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا سیلاب سے کھڑی فصلوں اور عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔