حا لا ت اچھے ، سکیورٹی مسئلہ نہیں ، سیریز منسوخ کرنے کا یکطرفہ فلہ افسوسناک
لاہور(سپورٹس رپوٹر)نیوزی لینڈ کے پاکستان کیخلاف سیریز منسوخ کرنے پر موجودہ اور سابق کرکٹرز نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ یکطرفہ فیصلہ سے مایوسی ہوئی ہے ۔ پی سی بی کو کھل کر بات کرنا ہو گی ۔ سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں تھا ‘پاکستان محفوظ ملک ‘کسی کے کہنے پر سیریز منسوخ نہیں کرنا چاہئے تھی ۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے پاکستان میں دورے کے اچانک ملتوی ہونے پر افسوس ہے۔ سیریز کے اچانک ملتوی ہونے پر انتہائی مایوس ہوں۔ یہ سیریز پاکستان کرکٹ کے لاکھوں شائقین کرکٹ کے چہروں پر مسکراہٹیں واپس لا سکتی تھی۔ مجھے اپنی سکیورٹی ایجنسیوں کی صلاحیتوں اور ساکھ پر پورا بھروسہ ہے۔ وہ ہمارا فخر ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ کپتان نے ’پاکستان زندہ باد‘ کا اضافہ بھی کیا۔ نائب کپتان محمد رضوان نے کہا کہ پاکستان نے کرائسٹ چرچ حملے کے موقع پر نیوزی لینڈ کو سپورٹ کیا تھا اور اب ایک تاریخی دورہ نام نہاد تھریٹ الرٹ کی وجہ سے یکطرفہ طور پر منسوخ کردیا گیا۔ اچانک فیصلے پر مایوسی ہوئی ،خاص طور پر جب ہماری بہترین سکیورٹی فورسز نے زیر ہ تھریٹ کو یقینی بنا یا ہوا تھا ،افسوسناک۔ فاسٹ بولر حسن علی نے کہا کہ سوچ کر افسردہ ہوں کہ فینز کتنے اپ سیٹ ہوں گے۔ دنیا سے یہی کہوں گا کہ ہمارا ملک کرکٹ کیلئے محفوظ ہے۔ فینز کی افسردگی کو خوشیوں میں بدلیں گے۔ فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی نے کہاکہ دورہ نیوزی لینڈ کے عین وقت پر منسوخ ہونے پر مایوسی بیان کرنے سے قاصر ہوں۔ ہمارے پاس نہ صرف دنیا کی بہترین سکیورٹی فورس ہے بلکہ بہت سی غیر ملکی ٹیموں نے پاکستان میں اپنے کرکٹ دورے کامیابی سے اور پرامن طریقے سے مکمل کیے ہیں۔ شاداب خان نے کہا کہ نیوزی لینڈ کا یوں اچانک دورہ پاکستان ملتوی کرنا دل دہلا دینے کے برابر ہے۔ ملک میں کرکٹ واپس لانے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔سابق کرکٹر مشتاق احمد نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے دوسرے ملکوں کے کرکٹ بورڈ کو ہمیشہ سپورٹ کیا ہے ۔ نیوزی لینڈ کو پاکستان پر اعتماد کرنا چاہئے تھا ۔ پاکستان میں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ۔ سابق کپتان عامر سہیل کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے دورہ منسوخ کرنے کے پیچھے کیا محرکات ہیں معلوم کرنے کی ضرورت ہے۔ آئی سی سی سے دو ٹوک بات کرنی ہوگی۔ سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ تمام تر سکیورٹی کی یقین دہانیوں کے باوجود ایک مذاق یا افواہ پر سیریز ملتوی کرنے کے نیوزی لینڈ بورڈ کے اتنے بڑے فیصلے پر حیران ہوں۔ کیا آپ اپنے فیصلے کے اثرات جانتے ہیں؟ سابق بائولنگ کوچ وقار یونس نے کہا کہ سیریز کا عین وقت پر ختم ہونا افسوسناک ہے، آج کا دن پاکستان کرکٹ کیلئے بدقسمت ہے۔ سابق فاسٹ بائولر شعیب اختر نے شدید افسردگی کا اظہار کیا اور کہا کہ نیوزی لینڈ کا انٹر نیشنل کرکٹ میں بائیکاٹ کرنا چاہئے ۔سابق باؤلر عمر گل نے کہا کہ جہاں پاکستان کرکٹ کی بحالی کی راہ پر گامزن ہے وہیں ایسے موقع پر یہ بدقسمت موڑ آیا ہے۔ جب آپ کو سکیورٹی ملتی ہے تو آپ محفوظ ہوتے ہیں۔سابق وکٹ کیپر کامران اکمل نے نیوزی لینڈ کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ آج کا دن پاکستان اور پاکستان کی کرکٹ کیلئے افسوسناک دن ہے۔آخری لمحے سیریز منسوخ کرنا کوئی اچھی بات نہیں۔سابق کرکٹر ثقلین مشتاق کا کہنا تھاکہ سیریز منسوخی سے ہر کسی کو مایوسی ہوئی ہے۔فخر زمان‘رمان رئیس ‘امام الحق ‘احمد شہزاد‘حارث رئوف نے کہا کہ مہمان ٹیم کو غیر معمولی سکیورٹی فراہم کی گئی ۔ سیریز آخری منٹ میں منسوخ کرنا بہت افسوسناک ہے ۔ آل رائونڈر محمد حفیظ نے کہا کہ پاکستان ایک محفوظ ملک اور قابل فخر قوم ہے ۔ سیریزملتوی کرنا پوری قوم کیلئے افسوسناک ہے ۔ لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ نے دورہ منسوخ کر کے انتہائی غلط فیصلہ کیا۔ پاکستان کے امیج کوبہت نقصان پہنچا ہے۔ گارنٹی دی گئی واپس چلے جانا درست عمل نہیں۔سابق کپتان سرفراز احمد نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لکھا۔سرفراز احمد نے لکھا کہ ’تم ہو ایک زندہ و جاوید روایت کے چراغ ، تم کوئی شام کا سورج ہو کہ ڈھل جاو گے۔مشکل گھڑی ہے لیکن ہمارا عزم ان مشکلات سے بڑا ہے۔