آئی سی سی نیوزلینڈ کے دورہ منسوخ کرنے پر مداخلت کرے : انضمام الحق
اہور (سپورٹس رپورٹر )سابق کپتان انضمام الحق نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہے کہ کوئی بھی ملک کسی دوسرے ملک کیساتھ ایسا نہیں کرتا جس طرح نیوزی لینڈ نے پاکستان کیساتھ کیا ہے ،وہ ہمارے مہمان تھے اور اگر انہیں کوئی تحفظات تھے تو وہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے بات کرتے ،پاکستان نیوزی لینڈ کو بہترین سکیورٹی فراہم کر رہا تھا ،2009 میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد ہم تمام ٹیمز کو وہ سکیورٹی دے رہے ہیں جو کسی ملک کے صدر کو دورے کے موقع پر دی جاتی ہے۔انضمام الحق نے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل سے اس معاملے میں مداخلت کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔ان کا کہناتھا کہ آئی سی سی کو اس میں لازمی مداخلت کرنی چاہیے ۔، اگر نیوزی لینڈ کے پاس سکیورٹی خدشات سے متعلق کچھ ہے تو وہ اسے دکھا کیوں نہیں رہا ہے ،اگر آپ پی سی بی کو نہیں دکھانا چاہتے تو کم از کم آئی سی سی کو دکھا دیں۔ یہاں تک کہ ہمارے وزیراعظم نے بھی ان سے بات کی اور یقین دہانیاں کروائیں۔ ا گر نیوزی لینڈ نے پاکستان کو اپنے تحفظات بتائے ہوتے تو لازمی طورپر پاکستان کی ایجنسیوں نے معاملے کو دیکھنا تھا ، لیکن میچ سے چند لمحے قبل انہوں نے کہا کہ ہم تھریٹ الرٹ کی وجہ سے کھیل نہیں سکتے، چلیں کم از کم ہمیں یہی بتا دیں کہ آپ کا مسئلہ کیا ہے ، مجھے یہ سب کچھ ہضم نہیں ہو رہا۔