’’ٹی از فنٹاسٹک‘‘ سوشل میڈیا صارفین کا سیریز منسوخ ہونے پر غم و غصہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر)سکیورٹی خطرات کو جواز بناکر گزشتہ روز نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے دورہ پاکستان ملتوی کردیا گیا جو کہ نہ صرف پی سی بی کیلئے بڑا دھچکا تھا بلکہ شائقینِ کرکٹ بھی اپنی سماعتوں پر یقین نہ کرسکے۔سوشل میڈیا پر قومی کرکٹ ٹیم سمیت غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھی نیوزی لینڈ کے اس اقدام پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور ٹوئٹر پر پاکستان اور نیوزی لینڈ کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔تاہم پاکستانی صارفین کی حسِ مزاح کو کوئی مات نہیں دے سکتا جس کا عملی مظاہرہ اس پریشان کن صورت حال میں بھی گزشتہ روز دیکھا گیا۔ سوشل میڈیا صارفین نے متعدد میمز بھی بناڈالے۔ کسی نے میم کے ذریعے اپنا دِل ہلکا کیا تو کوئی نیوزی لینڈ کو کوستا رہا۔ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ نے 'ٹی از فنٹاسٹک' جیسا تاریخی جملہ کہنے اور پاکستان میں پکڑے جانے والے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹرول کیا کہ پاکستان سب سے زیادہ محفوظ ملک ہے، اگر کسی کو شک ہے تو وہ اس پائلٹ سے پوچھ سکتا ہے، یہ آپ کو اچھی طرح سے بتائیگا۔ایک اور صارف نے معروف بھارتی فلم 'بھاگم بھاگ' میں اکشے کمار کے ایک یادگار ڈائیلاگ اور سین کی تصویر پوسٹ کی جس میں اکشے کہہ رہے ہوتے ہیں کہ 'بہن ڈر گئی، بہن ڈر گئی'۔ صارف نے کیپشن میں لکھا کہ ’وزیر اعظم عمران خان اس وقت نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کے بارے میں یہ سوچ رہے ہیں۔فیس بک پر ایک پیج نے 2006 کی بھارتی فلم کے سین کی تصویر پوسٹ کی جس میںاداکار ساتھی اداکارہ کے کہنے پر بڑے مزاحیہ انداز میں فون پر کسی کو دھمکی دے رہے ہوتے ہیں۔اس تصویر کو نیوزی لینڈ ٹیم کو درپیش سکیورٹی خدشے سے تشبیہہ دی گئی۔ ایک صارف نے لکھا کہ کیوی ٹیم نے وہی کیا جو 4 سال رشتہ چلانے کے بعد ہوتا ہے، کہا جاتا ہے کہ استخارہ صحیح نہیں آیا۔ ایک اور صارف نے کیوی ٹیم کے کھلاڑیوں کو کووں سے تشبیہہ دے کر اپنی بھڑاس نکالی۔