مصر میں برائٹ سٹار2021ء نامی فوجی مشقیں ختم، پاکستانی دستے کی شرکت
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) مصر میں 'برائٹ سٹار 2021'ء کثیر القومی فوجی مشقوں کا گزشتہ روز اختتام ہوگیا۔ مشقوں میں پاکستانی دستے نے 2009 کے بعد پہلی بار حصہ لیا۔ علاقائی خطرات سے نمٹنے کی مشقیں دو ہفتے جاری رہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مشق علاقائی ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت پر مرکوز تھی۔ محمد نجیب ملٹری بیس میں ہونے والی مشقوں میں 30 ممالک نے حصہ لیا۔ یواے ای، امریکہ، مصر، برطانیہ، سعودی عرب، عراق، فرانس، بحرین، کینیا کے دستوں نے حصہ لیا۔ کویت اور یونان سمیت دیگر ممالک نے بھی شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کی اختتامی تقریب نجیب ملٹری بیس میں ہوئی، جس میں انجینئر انچیف لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز، مصری وزیر دفاع اور کمانڈر انچیف جنرل محمد ذکی نے شرکت کی۔ 20 ممالک کے فوجی حکام، یو ایس سینٹ کام نے مشترکہ تربیت کا مشاہدہ کیا۔ مشق میں ہوائی جہازوں، ہیلی کاپٹرز، ٹینکوں سمیت مختلف ہتھیاروں کی فائرنگ شامل تھی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دو ہفتوں پر مشتمل مشق کا مقصد ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے طریقہ کار کو مزید بہتر کرنا تھا۔ مشق سے علاقائی امن کے لیے بحری سکیورٹی آپریشنز مزید مضبوط ہوں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مشق میں ہوائی جہازوں، ہیلی کاپٹروں اور ٹینکوں سمیت مختلف ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ مشق برائٹ سٹار 1980 سے باقاعدگی سے منعقد کی جا رہی ہے۔