طالبان کو الگ تھلک کرنا انتشار پھیلاسکتا ، مغرب نئے افغانستان کی حقیقیت قبول کرے : شاہ محمود
اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ برطانیہ اور مغربی دنیا کو نئے افغانستان کی حقیقت کو قبول کرنا چاہیے۔ ایک انٹرویومیں شاہ محمود قریشی نے کہاکہ طالبان حکومت کو الگ تھلگ کرنے سے خطے میں معاشی تباہی اور انتشار پھیل سکتا ہے۔وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان، افغانستان میں پنپتے ہوئے انسانی المیے کے پیش نظر، افغانوں کو ہوائی اور زمینی راستوں سے امدادی سامان کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان کی معاشی و انسانی معاونت کیلئے آگے بڑھے ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 26 سے 29 ستمبر تک برطانیہ کا دورہ کریں گے جہاں وہ اعلیٰ سرکاری حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی دورے کے دوران افغانستان سمیت خطے کی سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی برطانوی دفاعی تھنک ٹینک سے خطاب کریں گے،اس کے علاوہ وہ اپنے دورے کے دوران پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔