قبول اسلام کیلئے عمر کی پابندی کا بل دین کو محدود کرنیکی سازش ،اشرف جلالی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)قبول اسلام کے موضوع پر تحریک لبیک یا رسول اللہ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام حضرت سیدنا شاہ جلال ریسرچ سینٹرمیںقبول اسلام کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت پیر سید محمد کامل شاہ جلالی نے کی جبکہ پیرزادہ مفتی سید شاہ زیب بخاری مہمان خصوصی تھے۔ خصوصی مقالہ پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے جبری تبدیلی مذہب بل کے خلاف مکمل دو گھنٹے تک قرآن و سنت سے دلائل دئیے اور کہا کہ قبول اسلام کی عمر کی پابندی کا بل آفاقی دین کو محدود کرنے کی ایک سازش ہے۔ حکمران طبقے کو اقلیات کی خوشنودی سے پہلے رب کائنات کی خوشنودی کی طرف دیکھنا چاہیے۔ قبولیت ِ اسلام کے لیے 18 سال کی عمر کی قید جہاں قرآن و سنت اور چودہ صدیوں کے فقہی فیصلوں کی خلاف ورزی ہے ، وہاں دین اسلام کی شدید ہتک اور توہین ہے۔سیمینار میں مولانا محمد الطاف حسین جلالی، مولانا محمد نور الحسن جلالی، مفتی محمد حناد رضا حبیبی، مولانا محمد سراج رضوی، مولانا محمد سجاد جلالی، مولانا محمد ارشاد رضوی، مولانا محمد سلیمان رضوی و دیگر نے شرکت کی۔