پی پی میں شمولیت کیلئے اہم سیاسی شخصیات رابطے میں ہیں، احمد محمود
ملتان (نما ئند ہ نوائے وقت)پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود نے کہا ہے کہ آئندہ حکومت پیپلزپارٹی کی ہوگی۔ بلاول بھٹو زرداری کا سرائیکی وسیب کا دورہ انتہائی کامیاب رہا ہے۔ پیپلزپارٹی میں شمولیت کیلئے خطے کی اہم سیاسی شخصیات کی بہت بڑی تعداد رابطے میں ہے۔ جلد ہی ہم ان اہم شخصیات کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا سرپرائز دیں گے۔مخدوم احمد محمود نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا سرائیکی وسیب کا دوسرا دورہ نومبر یا دسمبر میں متوقع ہے۔اس دورے کیلئے ہم ابھی سے تیاریاں شروع کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کارکن بلدیاتی و جنرل الیکشن کیلئے ابھی سے بھرپور تیاریاں شروع کردیں۔ حکمران کسی بھی وقت عجلت میں الیکشن کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلزپارٹی پنجاب کونسل کے رکن ملک ارشد اقبال بھٹہ کی قیادت میں ملتان سے آئے پیپلزپارٹی کے وفد سے مخدوم ہاوس لاہور میں ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر مخدوم احمد محمود نے عبدالقادر شاہین، ملک ارشد اقبال بھٹہ،اعظم بوسن،جمیل احمد نورانی،ملک ذوالفقار بھٹہ،مرزا علی مغل کے ہمراہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی 33ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔