عمران کے حکم پر الیکشن کمشن کو بلیک میل کیا جا رہا ہے: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے الیکشن کمیشن کے خلاف وفاقی وزراء کی پریس کانفرنس کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے حکم پہ الیکشن کمشن کو بلیک میل کیا جا رہا ہے، الیکشن کمشن کے ارکان کو چیف الیکشن کمشنر کے خلاف اکسانے پر وزرا کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن اور ارکان پارلیمان کے سوالات کے حکومت کے پاس جواب نہیں، اس لئے پی آئی ڈی میں بیٹھ کر الیکشن کمشن پر حملے کئے جارہے ہیں۔ الیکشن کمشن کے ارکان کو چیف الیکشن کمشنر کے خلاف بغاوت پر اکسانا آئین سے غداری اور آئینی اداروں پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن ایکٹ کے آرٹیکل 10 کے تحت الیکشن کمشن وفاقی وزرا کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ الیکشن کمشن پر سنگین الزامات حکومت کی غیرجمہوری اور آمرانہ سوچ کا ثبوت ہے۔ عمران خان کے حکم پر غیرقانونی فارن فنڈنگ کیس میں من مرضی کا فیصلہ لینے کے لئے الیکشن کمشن کو بلیک میل کیا جا رہا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے کہا کہ ڈسکہ الیکشن کی دھند اور الیکشن چوری پکڑے جانے کی رپورٹ رکوانے کے لئے حکومت کی طرف سے الیکشن کمشن پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ ڈسکہ اور اب کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن کے نتائج کا غصہ عمران خان کے حکم پر الیکش کمیشن پہ نکالا جا رہا ہے۔