دنیا طالبان حکومت تسلیم کرے،بھارت کو دہشتگرد قرار دیکر پابندیاں لگائی جائیں
پشاور (بیورو رپورٹ) سیاسی، مذہبی و سماجی جماعتوں کے قائدین، جید علماء کرام، وکلاء اور تاجر رہنمائوں نے پیغام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت پوری عالمی برادری طالبان حکومت کو فی الفور تسلیم کرے اور افغانستان کی تعمیر نو اور ترقی کے لیے ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے۔ شکست خوردہ اتحادی ممالک پاکستان پر مختلف نوعیت کی پابندیاں لگانے اور معاشی ناکہ بندی کی سازشیں کر رہے ہیں۔ حکومت قومی سیاسی و مذہبی قیادت کو اعتماد میں لے اور دبائو کا شکار ہونے کی بجائے جرأت مندانہ فیصلے کرے، جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی اگلے مرحلہ میں داخل ہوئی ہے، زندگی کی آخری سانس تک ملکی دفاع اور استحکام کیلئے جدوجہد کریں گے۔ افغانستان میں دہشت گردی کے نیٹ ورک بکھرنے پر بوکھلاہٹ میں بلوچستان اور دیگر علاقوں میں پاکستانی فورسز پر حملے کیے جارہے ہیں۔ ملکی سلامتی و استحکام کے لیے شہادتیں پیش کرنے والے پوری پاکستانی قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں، اہل پاکستان دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنے والی افواج پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔ پاکستان کی طرف سے کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ڈوزیئر پیش کرنا لائق تحسین ہے۔ اقوام متحدہ اور دوسرے ادارے بھارت کو دہشت گرد ملک قرار دے کر پابندیاں عائد کریں اور یو این کی قراردادوں پر فوری عمل درآمد کروایا جائے۔ دنیا کے نظریے اور جغرافیائی تبدیل ہو رہے ہیں۔ کشمیریوں کو جلد آزادی مل کر رہے گی۔ ایف سی چوک صدر روڈ پر ہونے والی کانفرنس سے اللہ اکبر تحریک پاکستان کے صدر سیف اللہ خالد، خیبرپی کے کے جید اور معروف عالم دین مولانا عبدالعزیز نورستانی، نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے چیئرمین محمد یعقوب شیخ، جمعیت علماء اسلام (س) کے مرکزی رہنما مولانا یوسف شاہ ، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ایڈووکیٹ عارف یوسف، سینئر نائب صدر مرکزی جمعیت اہل حدیث العالمی مولانا فضل الرحمن مدنی ، کشمیر یوتھ الائنس کے چیئرمین ڈاکٹر سید مجاہد گیلانی ،پیغام پاکستان کونسل کے مرکزی رہنما حافظ عبدالرئوف ،صوبائی اقلیتی مسیحی رہنما پرویز اقبال ، صدر جے یو پی (نورانی) خیبر پی کے پیر جمال الدین،ھدیۃ الھادی خیبر پی کے کے صدر مفتی سید معرفت شاہ، شیخ فضل حبیب، مولانا مظہر حبیب، ، نصر جاوید، مفتی محمد قاسم،راہ حق پارٹی کے رہنما مولانا محمد ابراہیم، جمعیت اہل حدیث کے رہنما ادریس خلیل،جماعت اہلسنت کے صدر انعام اللہ حیدر، پیغام پاکستان کونسل کے رہنماملک شکیل، یاور آفتاب، عتیق الرحمن چوہان، مولانا عبدالوحید شاہ ، ابوہارون، شیخ عبید اللہ ودیگر نے خطاب کیا۔ مقررین کے خطابات کے دوران شرکاء کی طرف سے دونوں ہاتھ اٹھا کر زبردست نعرے بازی کی گئی۔ کانفرنس کے دوران انتظامات کم پڑنے پر شرکاء کی بڑی تعداد نے سڑک کے دونوں اطراف کھڑے ہو کر خطابات سنے۔ مقررین نے حریت چیئرمین سید علی گیلانی کی خدمات پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی مغفرت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ دشمن قوتوں کو افغانستان میں عبرتناک شکست ہوئی ہے۔افغان قوم نے انسانی تاریخ میں سنہرا باب رقم کیا ہے۔ پاکستان نے افغانستان کے لیے انصار کا کردار ادا کیا ہے، ففتھ جنریشن وار میں بھی اسی جذبوں سے دشمن کو شکست سے دوچار کریں گے جیسے پہلے کیا۔ پاکستان کی معاشی ناکہ بندی کی سازشیں اور مہنگائی کا عفریت غالب کرنے کیلئے عالمی سازشیں کی جارہی ہیں۔ ہم آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی ان سازشوں کی مذمت کرتے ہیں۔ مسرت عالم بٹ، یٰسین ملک، سیدہ آسیہ اندرابی، میر واعظ عمر فاروق، شبیر شاہ اور دوسرے تمام گرفتار رہنمائوں کو رہا کیا جائے۔ کانفرنس کے شرکاء مسرت عالم بھٹ کو حریت کانفرنس کا نیا چیئرمین منتخب کیے جانے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔مولانا عبدالعزیز نورستانی نے کہاکہ اللہ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں فتح کے دن دکھائے ہیں۔ افغانستان میں اتحادی ممالک بری طرح شکست سے دوچار ہوئے ہیں۔ یعقوب شیخ نے کہا کہ افغانستان میں شکست پر طالبان اور پاکستان کو پراپیگنڈا کے ذریعے بدنام کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے۔ میڈیا پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے پیش کرے۔ مولانا یوسف شاہ نے کہاکہ استحکام پاکستان کیلئے مولانا سمیع الحق کا مشن جاری رکھیں گے۔ عارف یوسف نے کہاکہ ہم سب دفاع پاکستان کے لیے متحد ہیں۔مولانا فضل الرحمن مدنی نے کہاکہ ہم امید کرتے ہیں کہ طالبان افغانستان میں ان شاء اللہ مکمل امن قائم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ڈاکٹر سید مجاہد گیلانی نے کہا کہ کشمیری قوم آج بھی پاکستان کی طرف دیکھتی ہے۔ کشمیری جلد آزادی حاصل کر کے رہیں گے۔ حافظ عبدالرئوف نے کہا کہ یہ ملک لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر کے حاصل کیا گیا۔اس ملک کے خلاف سازشیں کرنے والوں کے ہاتھ ٹوٹ چکے ہیں۔ پرویز اقبال نے سٹیج سے پاکستان کا مطلب کیالاالہ الااللہ کا نعرہ لگوایااور کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ پیر جمال الدین نے کہا قوم اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ ہے۔ مفتی محمد قاسم، نصر جاوید،شیخ فضل حبیب، راہ حق پارٹی کے رہنما مولانا محمد ابراہیم، جمعیت اہل حدیث کے رہنما ادریس خلیل،مولانا مظہر حبیب، پیغام پاکستان کونسل مالاکنڈ کے رہنما ابوہارون ، شیخ عبید اللہ ، جماعت اہلسنت کے صدر انعام اللہ حیدر، یاور آفتاب، عتیق الرحمن چوہان، مولانا عبدالوحید شاہ و دیگر نے کہا کہ پاکستان کاپرامن چہرہ دکھانے کے لیے اس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ کشمیر کو پاکستان بنا کر دم لیں گے۔ پاکستان کو کلمہ طیبہ کی سرزمین بنائیں گے۔