جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں صحت، تعلیم کیلئے 257 نئی اسامیاں منظور
لاہور (کامرس رپورٹر) جنوبی پنجاب سول سیکرٹریٹ کی استعداد کار میں اضافے کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں 257نئی اسامیوں کی منظوری دے دی گئی ہے۔ محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے محکمہ سپیشلائز ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن جنوبی پنجاب میں ایک سے 21گریڈ کی 71نشستوں، محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مختلف شعبہ جات میں 74اسامیوں، محکمہ سکول ایجوکیشن میں 59اسامیوں جبکہ محکمہ ہائر ایجوکیشن میں 53 نئی اسامیوں کے لیے بجٹ منظور کیا جا چکا ہے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں نئی بھرتیوں کا فیصلہ خطے میں خدمات کی فراہمی میں بہتری کے لیے لیا گیا ہے۔ سرکاری ملازمین کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے تو ان کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ محکمہ صحت جنوبی پنجاب ڈاکٹرز کی ہسپتالوں اور محکمہ تعلیم اساتذہ کی سکولوں میں حاضری کو یقینی بنائے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں بھرتیوں کے حوالے سے بریفنگ کے دوران کیا۔