جوبائیڈن‘ چینی صدر آج‘ عمران خان جمعہ کو جنرل اسمبلی سے ویڈیو لنک خطاب کرینگے‘ شاہ محمود نیو یارک پہنچ گئے
اسلام آباد/ واشنگٹن (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ + نیوز ایجنسیاں) امریکی صدر جوبائیڈن آج نیو یارک میں جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس سے خطاب کریں گے۔ چینی صدر شی جن پنگ بھی ویڈیو لنک کے ذریعہ خیالات کا اظہار کرینگے۔ جبکہ وزیراعظم عمران خان 24 ستمبر بروز جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے بذریعہ ویڈیو خطاب کریںگے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نیو یارک چلے گئے۔ اجلاس کے موقع پر مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اقوام متحدہ کے اعلیٰ عہدیداران سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر خارجہ نیو یارک میں کونسل آن فارن ریلیشنز سمیت متعدد فورمز میں شرکت اور اظہار خیال کریں گے۔ وزیر خارجہ نیو یارک میں قیام کے دوران پاکستانی امریکی کمیونٹی سے ملاقات کریں گے۔ وزیر خارجہ مقامی و بین الاقوامی میڈیا نمائندگان سے گفتگو کریں گے اور مختلف علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔ وزیراعظم زیر تسلط کشمیر کی سنگین صورتحال، افغانستان کے موجودہ حالات، بھارت کی جانب سے پھیلائی جانے والی جعلی خبروں کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کرائیں گے۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے پالیسی بیان میں اہم عالمی اقتصادی اور سیاسی امور پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔