کنٹونمنٹ الیکشن میں جیت عوام کی خدمت سے ملی: شہباز شریف
لاہور/ گوجرانوالہ (خصوصی رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے زیر اہتمام گوجرانوالہ ڈویژن کا اجلاس ہوا۔ شہباز شریف نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں جیت پارٹی کو عوام کی خدمت کی بدولت کامیابی ملی۔ مہنگائی اور بڑھتی بیروزگاری کی وجہ سے عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کیا۔ باقی صوبوں کے عوام کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کیا۔ سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں پولنگ سٹیشن کی سطح پر تنظیم بنانی چاہئے۔ اس تنظیم میں نوجوانون، خواتین، وکلاء اور علماء کو شامل کیا جائے۔ رانا ثناء اللہ نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) میں نہ دو بیانیے اور نہ اختلاف ہے۔ شفاف الیکشن مانگنا نہ مفاہمت ہے اور نہ مزاحمت، یہ ہمارا حق ہے۔ جو بھی الیکشن شفاف اور فری اینڈ فیئر ممکن بنائے گا ہم اس کی بہت عزت کرینگے۔ ریاست کے دوام کیلئے فری اینڈ فیئر الیکشن کا انعقاد بہت ضروری ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ تین سال کے ناکام تجربے سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ ہماری معیشت، کلچر اور ثقافت کی بربادی کرکے رکھ دی گئی ہے۔ اجلاس میں مریم نواز اور حمزہ شہباز لاہور سے آن لائن شریک ہوئے جس میں ملکی اور پارٹی صورتحال پہ تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) ملتان ڈویژن کا اجلاس آج لاہور میں ہوگا۔ سرگودھا ڈویژن کا اجلاس کل ہوگا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) گوجرانوالہ ڈویژن کی تنظیم سازی ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے شرح سود میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے یہ فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرح سود 7.25 فیصد کرکے حکومت نے اپنے بجٹ کو خود ہی جھوٹا قرار دے دیا ہے۔ حکومت نے بجٹ ترقی کے ہدف کے ساتھ جاری کیا۔ پالیسی ریٹ بڑھانا اس دعوے کے برعکس ہے۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ 25 بیس پوائنٹس میں اضافہ معیشت پر خود کش حملہ ہے۔