ٹی ٹونٹی میچز گرائونڈ میں دیکھ سکیں گے قومی ستارے پرسوں جلوہ گر ہونگے
لاہور،اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر، سپورٹس ڈیسک)پاکستان کے ٹی ٹونٹی ستارے 23 ستمبر سے راولپنڈی میں شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں جلوہ گر ہوں گے،ایونٹ 13 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ ٹورنامنٹ قومی کھلاڑیوں کو آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی تیاریوں میں معاونت فراہم کرے گا۔میگا ایونٹ کے لیے اعلان کردہ پندرہ رکنی قومی سکواڈ سمیت تینوں ریزرو کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں اپنی اپنی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی نمائندگی کریں گے۔پرجوش تماشائیوں کے لیے ایونٹ کا پہلا مرحلہ راولپنڈی اور دوسرا لاہور میں کھیلا جائے گا۔ 23ستمبر سے راولپنڈی میں شروع ہونے والا مرحلہ 3 اکتوبر تک جاری رہے گا، جہاں کْل 18 میچز کھیلے جائیں گے۔ایونٹ کا دوسرا مرحلہ 6 اکتوبر کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا، جہاں فائنل سمیت کْل 15 میچز کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کے دونوں فائنلز 12 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم ایونٹ میں سینٹرل پنجاب کی قیادت کریں گے۔ نائب کپتان قومی کرکٹ ٹیم شاداب خان ٹورنامنٹ میں ناردرن کی کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔اوپنر امام الحق بلوچستان جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد ٹورنامنٹ میں سندھ کی قیادت کریں گے۔قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان ایونٹ کی دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا کی قیادت کریں گے۔ سدرن پنجاب کی کپتانی صہیب مقصود کے سپرد کی گئی ہے۔چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے التواء کے بعد نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کا انعقاد قومی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کا موقع فراہم کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے سب سے بہترین کھلاڑیوں کی ایونٹ میں شرکت سے ٹورنامنٹ کی اہمیت بڑھ جائے گی۔ اس سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے سینئرز کے ساتھ ڈریسنگ روم کا تبادلہ کرنے کا موقع بھی ملے گا۔دوسری جانب انسداد کرونا کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)نے قومی ٹی20کپ کے دوران شائقین کو سٹیڈیم میں آنے کی اجازت دے دی۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیراسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں شائقین کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 30ستمبر تک 25فیصد شائقین گرائونڈ میں میچ دیکھ سکیں گے اور صرف ویکسینیٹڈ افراد کو میچ دیکھنے کی اجازت ہو گی۔ذرائع کے مطابق 25فیصد شائقین کی موجودگی کی شرح میں اضافے پر نظرثانی 28ستمبر کو ہوگی۔