عمر گل بورڈ میں کوچز کی تقرریوں کیخلاف سراپا احتجاج
لاہور( حافظ محمد عمران/ سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے رکن ٹیسٹ فاسٹ باؤلر عمر گل بورڈ میں کوچز کی مشکوک تقرریوں اور غیر پیشہ وارانہ انداز اپنے پر سراپا احتجاج ہیں۔ بورڈ حکام کرکٹ کمیٹی کے رکن، ٹیسٹ فاسٹ باؤلر عمر گل کو مطمئن کرنے اور یقین دہانی کے باوجود طے شدہ کردار دینے میں ناکام نظر آتے ہیں۔ذرائع کے مطابق بورڈ حکام نے عمر گل کو بلوچستان کرکٹ ایسوسی ایشن کی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ کی ذمہ داری دینے کی یقین دہانی کروائی تھی اس سلسلے میں ان کا انٹرویو بھی ہوا لیکن بعد ازاں بورڈ حکام نے فاسٹ باؤلر کو نظر انداز کرنا شروع کر دیا۔ حتیٰ کہ انہیں کسی بھی قسم کے فیصلے سے آگاہ کرنا بھی مناسب نہ سمجھا۔ عمر گل کہتے ہیں مجھے ملازمت کی خواہش نہیں لیکن میں اپنا تجربہ نوجوانوں کو منتقل کرنا چاہتا ہوں۔ مجھے پاکستان کی نمائندگی پر فخر ہے اور اسی انداز میں نظام کی بہتری اور نوجوانوں کی مدد کے لیے کوچنگ کرنا چاہتا ہوں۔