فرانس کی نا راضی کے باوجود آسٹ یلیا کیساتھ آبدوز معاہدہ ختم نہیں کر ینگے: امر یکہ
واشنگٹن /پیرس (این این آئی)وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین ساکی نے واضح کیا ہے کہ فرانس کے غیظ وغضب اور ناراضگی کے باوجود امریکا کا آسٹریلیا سے طے شدہ آبدوزمعاہدے سے دستبردار ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔جین ساکی نے نیوزبریفنگ میں کہا کہ صدرجو بائیڈن امریکاکے فیصلے پر پیرس کے خدشات کو دورکرنے کے لیے جلد ہی اپنے فرانسیسی ہم منصب عمانوایل میکرون سے ٹیلی فون پربات کریں گے۔انھوں نے بتایا کہ ہم صدر بائیڈن کی آیندہ دنوں میں صدر ماکرون کے ساتھ فون کال کے شیڈول پرکام کر رہے ہیں۔دوسری جانب فرانس نے آبدوزوں کے معاہدے کو ختم کرنے کے ردعمل میں آسٹریلیا اور یورپی یونین کے درمیان آزادانہ تجارت کے لیے مذاکرات روکنے کی دھمکی دی ہے۔فرانس کے یورپی امور کے وزیرکلیمنٹ بیون نے جریدے پولیٹیکو کو بتایاکہ اپنی بات پرعمل کرنا جمہوریتوں اور اتحادیوں کے درمیان اعتماد کی شرط ہے۔ لہٰذا اس صورت حال میں توتجارتی مذاکرات پرآگے بڑھنے کا تصوربھی نہیں کیا جاسکتا جیسے کسی ایسے ملک کے ساتھ کچھ ہو ہی نہیں،جس پراب ہمیں بالکل بھروسا نہیں رہا ہے۔آسٹریلیا اوریورپی یونین کے حکام کے درمیان 12اکتوبر کوتجارتی معاہدے پرمذاکرات کا اگلا دور ہوگا۔اگرچہ یورپی کمیشن کویورپی یونین کے تمام 27 رکن ممالک کی جانب سے تجارتی مذاکرات کااختیار حاصل ہے لیکن وہ فرانسیسی مخالفت کے علی الرغم کسی معاہدے کے ساتھ کامیابی سے آگے نہیں بڑھ سکتا۔