• news

پاکستان سیا حت، کھیلوں ، تجارتی سر گرمیوں کیلئے محفوظ: جنرل باجوہ

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں یونان کے سفیر آندریاس پاپاستاورو نے منگل کو یہاں جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی بالخصوص افغانستان کی موجودہ صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ خطے میں امن اور افغان عوام کے مستحکم اور خوشحال مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ آرمی چیف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر قسم کی بین الاقوامی سیاحت، کھیلوں اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے محفوظ ہے اور ہم مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں صحت مند دو طرفہ تبادلے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ یونان کے سفیر نے مربوط قومی ردعمل کے ذریعے کرونا وائرس کی وبا پر قابو پانے میں پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے افغان صورتحال بشمول کامیاب انخلا آپریشن اور علاقائی استحکام کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔

ای پیپر-دی نیشن