حکومت ملکی دولت لوٹنے والوں کو ڈھیل نہیں دے گی:مرتضیٰ ورک
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان عوامی مسلم لیگ کے ضلعی صدر چوہدری مرتضیٰ ورک نے کہا ہے کہ مشکل ترین مالی حالات کے باوجود حکومتی کوششوں کے نتیجے میں معیشت کو استحکام ملنے کے ساتھ کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے حکومت کی بھر پور کوشش ہے کہ معاشی استحکام کے ثمرات عام آدمی تک پہنچائے جائیں کرپشن کا خاتمہ ملک کا نصب العین ہے جس کی انجام دہی میں عوامی مسلم لیگ کے قائد شیخ رشید احمد کا بھرپور کردار ہے،جو قدم قدم پر حکومت کی رہنمائی کرنے سمیت عملی طور پر بھی حکومتی امور کی موثر انجام دہی کی خاطر ہمہ وقت سرگرم عمل ہیں، اپنے ایک بیان میں چوہدری مرتضیٰ ورک نے کہا کہ حکومت نے کرپشن کے خلاف سخت فیصلے کئے اور ملک کو کرپشن فری بنانے کی خاطر مربوط لائحہ عمل مرتب کیا جس کے ثمرات واضح طور پر قوم کے سامنے ہیں اور اداروں میں ہر سطح پر کرپشن تیزی سے ختم ہورہی ہے، ماضی کے کرپٹ حکمرانوں کو نہ صرف لوٹی گئی قومی دولت واپس کرنا ہوگی بلکہ کرپشن کی سزائیں بھی بھگتنا پڑیں گی موجودہ حکومت کرپٹ عناصر کو کسی طرح کی ڈھیل نہیں دے گی۔