افغانستان میں امن ،طالبان کی حکومت دنیا کو قبول نہیں ، جاوید قصوری
لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ دورہ نیوزی لینڈ کی منسوخی کے بعد برطانوی کرکٹ ٹیم کا سکیورٹی خدشات کو بہانہ بناکر پاکستان میں آنے سے انکار قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ نے نیوزی لینڈ اور برطانوی کرکٹ ٹیم کا دورہ منسوخ کروا کر پاکستان سے سیاسی انتقام لیا ۔افغانستان میں امن اور طالبان کی حکومت بیرونی طاقتوں کو قابل قبول نہیں ہے۔امریکہ اور بھارت اب پاکستان کے خلاف پس پردہ سازشیں کر رہے ہیں۔جس کا شاخسانہ نیوزی لینڈ اور برطانیہ کی کرکٹ ٹیموں کا دورہ پاکستان منسوخ ہونا ہے۔ برطانوی ٹیم نے بھی ٹھوس وجوہات بتائے بغیر ایسا اقدام اٹھایا ہے۔ پی سی بی دونوں ٹیموں کے طرز عمل پر آئی سی سی سمیت تمام متعلقہ فورم پر بھر پور انداز میں اس معاملے کو اٹھائے۔ حملے تو بھارت اور انگلینڈ میں بھی ہوتے رہے ہیں۔ مگر دوسرے ممالک کی ٹیموں نے اپنے اپنے شیڈول کے مطابق میچز کھیلے اور دورے مکمل کیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔