• news

ہمیں مضبوط رہنا ہوگا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں سر پرائز دینگے 

لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے موجودہ اور سابق کرکٹرز نے انگلینڈ کے دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایاہے ۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے دورہ انگلینڈ کی منسوخی پر کہا کہ ہم نے ہمیشہ کرکٹ کے مفادات کو ترجیح دی، دوسرے ایسا نہیں کرتے۔ ایک مرتبہ پھر شدید مایوس ہوں۔پاکستان نے کرکٹ کے سفر کو جاری رکھنے کیلئے ایک لمبا سفر طے کیا ہے، اور یہ وقت کیساتھ مزید بہتر ہوگا۔ ہم نا صرف زندہ رہیں گے بلکہ ترقی بھی کریں گے، ان شاء اللہ۔فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ یہ ا یک انتہائی افسوسناک ہے کہ انگلینڈ  ٹیم نے بھی دورہ ختم کردیا۔کاش کہ دنیا پاکستان کے لوگوں کا کرکٹ کیلئے جذبہ اور محبت دیکھ سکے ، ہم آگے بڑھتے رہیں گے، پاکستان زندہ باد۔شعیب ملک نے لکھا کہ ’ پاکستان کرکٹ کیلئے یہ افسوسناک خبر ہے ،لیکن ہمیں مضبوط رہنا ہوگا، ہم دوبارہ واپس آئیں گے۔کامران اکمل نے لکھا کہ انگلش کرکٹ بورڈ کا فیصلہ انتہائی مایوس کْن ہے، لیکن یہ سب نیوزی لینڈ کا کِیا دھرا جس کے نتائج آج ہم بھگت رہے ہیں۔آل راؤنڈر شاداب خان کا کہنا تھا کہ میرے پاس الفاظ نہیں،کبھی نہ بھولیں کہ پاکستان کرکٹ زندہ رہے گی ، یہ ناصرف زندہ رہے گی بلکہ پھلے پھولے گی، پاکستان اور پاکستان کے لوگ کرکٹ کو بہت پسند کرتے ہیں۔فاسٹ بائولر محمد عامر نے لکھا کہ’یہ ورلڈ کپ جیتنے کا وقت ہے،اب وقت آگیا ہے کہ پی ایس ایل کا سب سے بڑا سیزن پاکستان میں ہو۔سابق فاسٹ بائولر شعیب اختر نے کہا کہ ہم انہیں ورلڈکپ میں سرپرائز دیں گے۔ اگر وہ چیئرمین پی سی بی ہوتے تو نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سے آئندہ سیریز سے بائیکاٹ کا اعلان کردیتے۔ افغانستان سے نکلنا تھا تو سب کو پی آئی اے اور پاکستان محفوظ ترین مقام لگ رہا تھا، مدد مانگی جارہی تھی، اب اپنے مفاد میں بات آئی تو سکیورٹی خدشات کا بہانہ بنایا جارہا ہے۔ اب ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں بھارت سے بڑا میچ نیوزی لینڈ سے ہوگا، اب ہم نے انہیں ورلڈ کپ میں پینجہ لگانا ہے۔ سابق بائولنگ کوچ وقار یونس نے کہا کہ اب ٹیم پاکستان اور سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کا وقت ہے۔ عزت کو ترجیح دینی چاہیے۔ ہم بدترین دنیا میں رہتے ہیں ، یہاں رونے دھونے یا افسردہ ہونے سے بہتر ہے دنیا کو دکھائیں کہ ہم زندہ قوم ہیں۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو دنیا بھر کے ہر پاکستانی کی حمایت کی ضرورت ہے۔آل راؤنڈر محمد حفیظ نے کہا کہ ہم نے سخت ترین حالات کا سامنا کیا تاکہ پاکستان میں کرکٹ ہو۔ انگلینڈ میں چیمپئنز ٹرافی میں ریڈ الرٹ تھا پھر بھی ہم وہاں کھیلے۔  نیوزی لینڈ کے اندر بھی بہت مشکلات تھیں، ہمیں 14 دن کا مشکل قرنطینہ کروایا گیا اور پھر بھی ہم وہاں جاکر کھیلے۔ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کا پاکستان کا دورہ منسوخ کرنا کافی تکلیف دہ ہے۔  شائقین کرکٹ کیلئے یہ برداشت کرنا بہت تکلیف دہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن