• news

توانائی شعبہ میں تعاون امریکہ‘ پاکستان کے مذاکرات شروع

اسلام آباد (نامہ نگار) امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو برائے توانائی وسائل کے قائم مقام معاون سیکرٹری ہیری کامیان اور سیکرٹری توانائی علی رضا بھٹہ کے مابین توانائی کے شعبہ میں تعاون پر بات چیت  کا آغاز ہوا۔ دونوں ملکوں کے مابین  توانائی کے شعبہ میں جاری دیرینہ شراکت کی تجدید اور اس کو مزید مستحکم کرنے پر غور کیا گیا۔ مذاکرات کے دوران امریکہ کی تجارتی اور ترقیاتی ایجنسی نے  کراچی میں جانوروں کے فضلے کو بایو میتھین گیس میں تبدیل کرنے کے لیے کچرے سے توانائی  پیدا کرنے کے منصوبہ کے لیے مالی معاونت کا اعلان کیا۔  یہ مستقبل میں اس طرح کے مزید منصوبوں میں سے اپنی نوعیت کا ایک منصوبہ ہے۔ اس اجلاس میں پاکستان اور امریکہ نے بجلی کے شعبہ میں آلودگی کے اخراج کے خاتمہ اور 2030تک پاکستان کی بجلی کی مجموعی  پیداوار کے ساٹھ فیصد حصہ کو قابل تجدید توانائی پر منتقل کرنے کی خوش آئند کوششوں میں مدد  فراہم کرنے  کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے امریکی سفارتخانہ کی ناظم الامور اینجیلا پی ایگلر نے کہا کہ امریکہ نصف صدی سے زیادہ عرصہ سے  شفاف اور موثر توانائی ڈھانچہ تشکیل دینے میں پاکستان کی مدد کررہا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن