• news

قومی اسمبلی: انتخابی اصلاحات کیلئے پارلیمانی بنانے کی تحریک پیش نہ ہو سکی

اسلام آباد (نامہ نگار) قومی اسمبلی میں انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کی تحریک پیش نہ ہو سکی اور اجلاس جمعہ تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔ قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ کہ ملکی ذرائع سے گیس کی سپلائی میں تیزی سے کمی واقع ہو رہی ہے، صارفین پر درآمدی گیس کا دبائو نہیں ڈالا جا سکتا۔ بدھ کو قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر ہی سپیکر نے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کو انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کی تحریک پیش کرنے کے لیے مائیک دیا تو پیپلز پارٹی کی شازیہ مری نے کہا کہ پہلے ہمیں تحریک کے متعلق آگاہ کیا جائے جس پر سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ آپ کو سید نوید قمر سے پوچھ لینا چاہیئے تھا۔ اس کمیٹی کے قیام بارے اتفاق رائے ہو چکا ہے تاہم ابھی اس کو رہنے دیں وقفہ سوالات کے بعد اس کو پیش کرلیں۔ مولانا عبدالاکبر چترالی کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران پیپکو کی ریکوری اور لائن لاسز میں بہتری آرہی ہے۔ ڈیسکوز میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی طرف جارہے ہیں۔  میر منور تالپور کے ضمنی سوال کے جواب میں وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ ماضی میں حیسکو بھی نظر انداز رہا ہے۔ حیسکو میں سیفٹی گائیڈ لائنز کو بہتر بنایا جارہا ہے۔ بارش، آندھی اور طوفان میں باقی علاقوں کی نسبت حادثات زیادہ ہو رہے ہیں۔  نوابزادہ افتخار احمد بابر کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ شاہ جمال مظفرگڑھ میں ماضی میں گرڈ سٹیشن کی تعمیر کے لئے کوئی رقم مختص نہیں کی گئی۔ موجودہ حکومت نے اس منصوبے کو ساتویں ایس ٹی جی پی سی ون میں شامل کیا ہے جوکہ میپکو کے ڈی ڈبلیو پی سے منظوری کے مرحلے میں ہے۔ شمس النسا کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ ملکی ذرائع سے گیس کی سپلائی میں تیزی سے کمی واقع ہو رہی ہے۔ اس کمی کو آر ایل این جی سے پورا کیا جاتا ہے۔ ہم صارفین پر درآمدی گیس کا دبائو نہیں ڈال سکتے۔ 70 فیصد ایل این جی لانگ ٹرم کنٹریکٹ سے خریدی جاتی ہے۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے طاہرہ اورنگزیب کے سوال کے جواب میں بتایا کہ ملک بھر کی تمام عدالتوں کو ماڈل کورٹس بنانا چاہتے ہیں تاکہ فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے، اس حوالے سے فنڈز درکار ہوئے تو حکومت فراہم کرے گی۔ اس کے لئے فنڈز درکار ہوئے تو حکومت فراہم کرے گی۔ وزیر توانائی محمد حماد اظہر نے کہا کہ ضلع قلات میں 132 کے وی کے گرڈ سٹیشن کے لئے 200 ملین مختص کئے گئے تھے جس میں سے دس کروڑ جاری کردیئے گئے ہیں۔ توقع ہے کہ آئندہ جون تک یہ منصوبہ مکمل کرلیا جائے گا۔ عظمی ریاض کے سوال کے جواب میں محمد حماد اظہر نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کی منظوری سے ہم سسٹم میں بجلی شامل کرنے کا ایک نیا طریقہ کار لارہے ہیں۔ پیکسل کا یہ نیا نظام ہے۔ بند کمرے میں ٹیرف طے نہیں ہوں گے جو کھلی بولی کے دوران حکومت کو بجلی فراہم کرنے کے لئے سب سے سستی بولی دے گا  وقفہ سوالات کی کارروائی جاری تھی کہ اس دوران مسلم لیگ (ن) کے رکن مرتضی جاوید عباسی نے ایوان میں کورم کی نشاندہی کردی جس پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایوان میں گنتی کا حکم دیا، اس دوران اپوزیشن کے ارکان ایوان سے باہر چلے گئے۔ارکان کی مطلوبہ تعداد پوری نہ ہونے پر قومی اسمبلی کا اجلاس جمعہ کی صبح 11 بجے تک کے لئے ملتوی کردیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن