شیم آن سندھ حکومت ، سب پیسہ بنا رہے عوام کیلئے فنڈز نہیں: چیف جسٹس
کراچی(وقائع نگار+صباح نیوز+ آئی این پی) سپریم کورٹ نے کراچی میں نالوں کے اطراف تجاوزات کے خاتمے سے متعلق آپریشن کے متاثرین کی بحالی کے لئے سندھ حکومت کو ایک سال کا وقت دے دیا،چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد خان نے پر سندھ حکومت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’’شیم آن سندھ حکومت ‘‘ حکمران طبقے کو کوئی پروا ہی نہیں، پورا کراچی گند سے بھرا ہے، سب پیسہ بنانے میں لگے ہوئے ہیں ۔بدھ کوسپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمدخان کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے گجر نالہ تجاوزات آپریشن، اورنگی ٹائون اور محمود آباد کے نالوں کے اطراف سے تجاوزات کے خاتمے اور متاثرین کی بحالی سے متعلق مقدمات پر سماعت کی۔ایڈوکیٹ جنرل سندھ سلمان طالب الدین نے عدالت کو بتایا کہ 258 ایکٹر اراضی پر متاثرین کو متبادل زمین مختص کردی ہے جہاں 6 ہزار سے زائد گھر بنائے جائیں گے، سندھ حکومت کے پاس بجٹ کی کمی ہے، بحریہ ٹائون واجبات سے رقم ملے گی تو ہم منصوبے پر کام شروع کردیں گے،60 ارب روپے اگر سپریم کورٹ ریلیز کردے تو ہم کام شروع کر دیتے ہیں۔جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے ان پیسوں پر امید لگا لی، آپ اس معاملے کو مشروط کر رہے ہیں، یہ تو کوئی بات نہ ہوئی، پیسے نہ آتے تو پھر کیا کرتے، جب گاڑیاں خریدنی ہوتی ہیں تو پیسے آجاتے ہیں، اگر زلزلہ یا سیلاب آجائے تو پھر کیا کریں گے، اگر کوئی آفت جائے تو کیا ایک سال تک بجٹ کا انتظار کریں گے۔آپ کی ترجیحات اصل میں کچھ اور ہیں۔ چیف جسٹس گلزار احمدنے ریمارکس دیئے کہ سندھ حکومت میں کچھ نہیں ہو رہا، سندھ میں سردرد صورتحال ہے، ورلڈ بینک کے کتنے منصوبے ہیں مگر کچھ نہیں ہو رہا، وزرا ء اور باقی سب کے لیے فنڈز ہیں ، باقی سارے امور چلا رہے ہیں، صرف عوام کے لیے پیسے نہیں، جب تک متاثرین کو گھر نہیں دیتے، وزیراعلی اور گورنر ہائوس الاٹ کر دیتے ہیں، جنہوں نے یہ زمینیں الاٹ کیں، ان کے خلاف کیا ایکشن لیا۔چیف جسٹس کے استفسار پر سلمان طالب الدین نے کہا کہ یہ تو چالیس سال پرانا مسئلہ ہے، جس پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان دے رہے ہیں، یہ کوئی طریقہ نہیں، شیم آن سندھ حکومت، جس بلڈنگ کو اٹھائو اس کا برا حال ہے، سٹرکیں ٹوٹیں، بچے مریں، کچھ بھی ہو، یہ کچھ نہیں کرنے والے، یہ حال سندھ حکومت کا اور یہی حال وفاقی حکومت کا بھی ہے، سب پیسہ بنانے میں لگے ہوئے ہیں، سیاسی جھگڑے اپنی جگہ مگر لوگوں کے کام تو کریں۔ پورا کراچی گند میں بھرا ہوا ہے، گٹر ابل رہے ہیں، تھوڑی سے بارش میں شہر ڈوب جاتا ہے، کیا یہ کراچی شہر ہے، غیر قانونی قبضے اور سٹرکیں بدحال، کچھ نہیں کراچی میں، یہ تو گاربیج دیکھائی دیتا ہے، کراچی میں ایک انچ کا بھی کام نہیں ہوا ، یہ ہے سندھ حکومت، اور پھر کہتے ہیں پیسے نہیں۔سپریم کورٹ نے سندھ حکومت کو متاثرین کی بحالی کے لیے ایک سال کا وقت دیتے ہوئے عبوری فیصلے میں کہا کہ سندھ حکومت دستیاب وسائل سے بحالی کا کام کرے، وزیراعلی سندھ ذاتی طور اس فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنائیں، متاثرین بحالی کی رقم کا بندوبست کریں۔ سپریم کورٹ نے نسلہ ٹاور سے متعلق نظر ثانی درخواستیں مسترد کر دیں۔متعلقہ حکام سے عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی ۔ کمشنر کراچی کو ایک ماہ میں نسلہ ٹاور خالی کرانے کا حکم دے دیا۔