کرونا: 58 اموات ، میڈیکل ادارے آج سے کھولنے کا اعلان
لاہور+اسلام آباد (سٹی رپورٹر+خبر نگار) ملک میںڈھائی کروڑ سے زائد افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 2 ہزار 357کیسز سامنے آئے ہیں۔ مزید58 افراد موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے۔ اس کے مزید2 ہزار688 مریض شفایاب ہو گئے۔ جبکہ مثبت کیسز کی شرح 4 اعشاریہ 89 فیصد ہو گئی۔ پاکستان بھر میں کرونا وائرس کے اب تک27 ہزار432 مریض انتقال کر چکے ہیں۔4 ہزار561 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ گزشتہ24 گھنٹوں میں ملک میں کرونا وائرس کے مزید48 ہزار151 ٹیسٹ کئے گئے۔ جبکہ6 لاکھ23 ہزار473 افراد کو کرونا وائرس کی ویکسین دی گئی۔ اب تک کل7 کروڑ61 لاکھ41 ہزار484 کرونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔ علاہ ازیں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے آج سے سرکاری و نجی میڈیکل ادارے کھولنے کا اعلان کر دیا۔ سپورٹس‘ ثقافتی سمیت کسی غیر نصابی سرگرمی کی اجازت نہیں ہو گی۔ تمام اداروں کے سربراہان کو طلباء اور عملے کی ویکسی نیشن یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔