چینی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دینگے ، انسداد ڈینگی اقدامات کی نگرانی خود کرونگا : عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاہے کہ پنجاب میں سی پیک پراجیکٹس میں تعاون پر چینی دوستوں کے مشکور ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے دور حکومت میں پاک چین تعلقات بلندیوں کی طرف گامزن ہیں۔ پنجاب کا نیشنل جی ڈی پی میں شیئر سب سے زیادہ ہے۔ صوبے میں کاروبار دوست ماحول اور انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کے لئے صورتحال انتہائی موزوں ہے اور سرمایہ کاری کے لئے حالات سازگار ہیں۔ چینی دوستوں کو پنجاب کی انڈسٹری میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔ پنجاب میں انڈسٹریز کے قیام کے لئے انہیں تمام تر ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دی جائیں گی۔ وہ سی پیک اتھارٹی کے زیر اہتمام مشترکہ تعاون کمیٹی کے اجلاس سے ویڈیولنک کے ذریعے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ سی پیک کے تحت فیصل آباد میں سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی آپریشنل ہو چکا ہے۔ علاوہ ازیں بزدار حکومت قیدیوں سے غیر انسانی سلوک کے خاتمے اور انہیں بنیادی سہولتیں دینے کیلئے سرگرم۔ وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر پولیس پریزن وین میں قیدیوں کے بیٹھنے کیلئے آرام دہ سیٹیں لگانے اور وین کو ہوادار بنانے کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ پہلی پولیس پریزن وین کامعائنہ کیا۔ پریزن وین میں لکڑی کی سیٹوں کی جگہ فوم کی آرام دہ نشستیں ایگزاسٹ فین لگائے گئے ہیں۔ وین میں پولیس اہلکاروں کیلئے بھی پنکھے لگائے گئے ہیں۔ حکومت نے 72نئی پولیس پریزن وین خریدنے کی منظوری دے دی ہے اور ان وین کی خریداری پر 95کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ عثمان بزدار نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر سعودی عرب کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ انسداد ڈینگی کیلئے صوبہ بھر میں متعلقہ اداروں اور محکموں کو چوکس کر دیا گیا ہے اور اس ضمن میں کابینہ کمیٹی کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں انسداد ڈینگی کیلئے فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔ انسداد ڈینگی کے اقدامات کو خود مانیٹر کروں گا۔ عثمان بزدار نے پشتون ڈے پر اپنے میں کہا ہے کہ پشتون بہادر اور بے باک قوم ہے پشتون ثقافت میں تنوع اور انفرادیت پائی جاتی ہے۔