مہنگائی سے ملکی و غیر ملکی تمام ادارے پریشان ہیں، جاوید قصوری
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی میں ہوشر با اضافہ پر ملکی و غیر ملکی تمام ادارے پریشان ہیں۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کے بعد ایشیائی ترقیاتی بنک کا بھی مہنگائی میں اضافے کے حوالے سے خدشات حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیوں کا ثبوت ہے۔ مگر بد قسمتی سے حکومتی ترجمان حقائق کا ادراک کرنے کی بجائے الٹا معاشی ترقی کے گن گارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف وزیر اعظم کہتے ہیں کہ مجھے مہنگائی کے ستائے عوام کے بارے میں سوچ کر نیند نہیں آتی تو دوسری طرف کہتے ہیں کہ پاکستان دنیا میں سب سے سستا ملک ہے۔ وزیر خزانہ کے بیانات اور طرز عمل عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ تحریک انصاف نے عوام کو روزگار اور گھر دینے کا وعدہ کیا تھا مگر عملاً عوام سے نہ صرف روزگار اور گھر چھین لیا ہے بلکہ الٹا دو وقت کی کی روٹی بھی میسر نہیں۔ غریب مزدور طبقہ غربت کی پستیوں میں گھر چکا ہے۔