ارکان صوبایہ اسمبلی کی ملاقاتیں، ون مین شو یقین نہیں رکھتا: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا 7واں اجلاس ہوا۔ آثار قدیمہ اور تاریخی عمارتوں کے تحفظ کے مختلف پراجیکٹس پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اتھارٹی کی 3 سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ لاہور اور آذربائیجان کے تاریخی شہر باکو کو جڑواں شہر قرار دیا جائے گا۔ بادشاہی مسجد کو محکمہ اوقاف سے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے دائرہ کار میں لانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ عثمان بزدار سے لیہ سے رکن صوبائی اسمبلی لالہ محمد طاہر رندھاوا نے ملاقات کی جس میں لیہ شہر کے ترقیاتی منصوبوں اور فلاح عامہ کے پراجیکٹس پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انصاف صحت کارڈ غریب طبقہ کیلئے نعمت ہے۔ ارکان اسمبلی میرے ساتھی ہیں، ان کے جائز کام ہر صورت ہوں گے اور کسی کو جائز کاموں کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دوںگا۔ عثمان بزدار سے صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال، ارکان پنجاب اسمبلی عبدالحئی دستی اور خواجہ دائود سلیمانی نے ملاقاتیںکیں جس میں حلقوں کے مسائل کے حل اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرے دروازے آپ سب کیلئے کھلے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف متحد ہے۔ کبھی کسی سے ناانصافی کی نہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتقام کی سیاست ہمارا شیوہ نہیں۔ ہماری پارٹی کا نام تحریک انصاف ہے اور ہم انصاف کی عملداری پر یقین رکھتے ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے موجودہ حالات میں بھی پوائنٹ سکورنگ کرنے کی کوشش کی۔ اپوزیشن کا تین سالہ ریکارڈ ملکی مفادات سے متصادم رہا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے ہر موقع پر منفی سیاست کے ذریعے قومی مفادات کو نقصان پہنچایا۔ صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال نے کہا کہ ہم ایک تھے، ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔ رکن صوبائی اسمبلی عبدالحئی دستی نے کہا کہ آپ ہمارے وزیراعلیٰ ہیں اور آپ نے ہمیشہ ہماری بات سنی ہے۔ خواجہ دائود سلیمانی نے کہا کہ آپ کی قیادت پر پورا اعتماد ہے۔ عثمان بزدار سے رکن صوبائی اسمبلی سمیع اللہ چوہدری بھی ملے۔ بہاولپور کے ترقیاتی منصوبوں، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اور سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے شہر بہاولپور کی ترقی بہت عزیز ہے۔ جلد ہی بہاولپور میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق دور کی طرح ون مین شو پر یقین نہیں رکھتا۔ سب کو ساتھ لے کر چلتا ہوں اور مشاورت کے ساتھ فیصلے کئے جاتے ہیں۔ الزامات کی سیاست کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں۔ عثمان بزدار نے معروف اداکار طلعت اقبال اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) اشفاق ندیم کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔