مہنگائی، جماعت اسلامی ، پیپلز پارٹی کے مظاہرے ، حکمرانوں کا یوم حساب قریب : سراج الحق
لاہور‘ گوجرانوالہ‘ اسلام آباد‘ راولپنڈی‘ حافظ آباد‘ (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار+ جنرل رپورٹر+ علاقائی نمائندوں سے) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر مہنگائی کیخلاف لاہور‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ بہاولپور‘ گجرات‘ حافظ آباد سمیت دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ قائدین نے کہا مہنگائی کی انتہا ہو چکی عوام کو اب باہر نکلنا ہوگا۔ اوکاڑہ ‘ ساہیوال‘ سیالکوٹ‘ اسلام آباد ‘ راولپنڈی میں بھی ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کئے گئے۔ پیپلز پارٹی نے بھی احتجاجی مظاہرے کئے اور ریلیاں نکالیں۔ لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر جماعت اسلامی شمالی، شرقی، وسطی، جنوبی اور غربی لاہور کے زیر اہتمام شہر بھر میں پیٹرول کی قیمتوں اور مہنگائی میں بے تحاشہ اضافے کیخلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہروں کی قیادت امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد سمیت دیگر علاقوں کے قائدین نے کی۔ امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے وحدت روڈ منصورہ ڈگری کالج کے باہر احتجاجی مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کی صورت میں ملک پر مہنگائی کا عذاب مسلط ہے۔ پوری قوم سڑکوں پر ہوگی۔ احتجاجی مظاہرے میں سیکرٹری جماعت اسلامی غربی لاہور غلام حسین بلوچ، امیر جماعت اسلامی پی پی 173 چوہدری عبدالواحد، زاہد چشتی، شیخ نعیم امان اللہ خان سمیت اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا گیا۔ اسلام آباد، راولپنڈی سے خبر نگار، جنرل رپورٹر کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی کال پر مہنگائی کے خلاف ملک بھر کی طر ح اسلام آباد کے مختلف مقامات علی پور، پی ڈبلیو ڈی ، آئی ٹین، غوری ٹاون ، اور جھنگی سیداں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ راولپنڈی شہر اور کینٹ سمیت پورے ضلع میں 16 مقامات پر بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں۔ امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا غریب اپنے بچوں کے ساتھ اجتماعی خودکشیاں کررہے ہیں۔ پوری قوم نااہل حکمرانوں کی پالیسیوں کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔ نواب شاہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کی اپیل پر ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف پریس کلب نوابشاہ کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین مار گئی مہنگائی، اشیاء صرف سستی کرو، لوڈشیڈنگ ختم کرو اور دوسرے نعرے لگاتے رہے۔ لاہور سے خصوصی نامہ نگار‘ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مفادات کے اسیر اور محلات کے مقیم حکمران عوامی مسائل کے ادراک اور انہیں حل کرنے کی صلاحیت سے عاری ہیں۔ حکمران اشرافیہ کا یوم حساب قریب آ گیا۔ وزیراعظم بتائیں ایک کروڑ نوکریاں کس کو دیں اور پچاس لاکھ گھر کہاں تعمیر کیے؟۔ مدینہ کی ریاست کدھر ہے۔ عوام مزید مہنگائی کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے۔ حکومت قوم کو مزید امتحان میں مبتلا نہ کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ میں مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گوجرانوالہ میں عوامی اجتماع سے نائب امیر جماعت اسلامی پروفیسر ابراہیم، سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، امیر صوبہ پنجاب وسطی جاوید قصوری و دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں امیر جماعت نے انٹرنیشنل پلیئرز کے اعزاز میں ناشتہ کی تقریب میں شرکت کی۔ امیر جماعت جو دیگر قیادت کے ہمراہ تین روزہ دورہ پر گوجرانوالہ میں ہیں، انہوں نے مزدور کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے یہ مطالبہ دہرایا کہ مزدور کی کم از کم تنخواہ میں مزدور تنظیموں کے مطالبات کے مطابق اضافہ کیا جائے۔ امیر جماعت نے گوجرانوالہ میں پی پی 57 میں الیکشن آفس اور آغوش سنٹر کا افتتاح کیا۔ امیر جماعت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محدود ذرائع کے باوجود جماعت اسلامی ملک و قوم کی خدمت جاری رکھے گی۔ علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی مولانا مشتاق احمد سلطانی کے گھر آمد‘ مولانا کی وفات پر اہل خانہ سے اظہار تعزیت و دعائے مغفرت کی۔ علاوہ ازیں مہنگائی‘ اشیاء خورد ونوش کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاج کی کال پر جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ ڈیرہ غازی خان‘ تونسہ میں منصورہ چوک ریلوے روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ صادق آباد میں جماعت اسلامی کی جانب سے بے پناہ مہنگائی کے خلاف ریلی نکالی گئی۔ دوسری جانب لاہور سے نامہ نگار کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ اس نظام کے خلاف محنت کشوںکے ساتھ مل کر جدو جہد کریں گے۔ تین برس سے ہمیں گھبرانا نہیں کا درس دیا جا رہا ہے۔کل گھی کی قیمت 15روپے بڑھائی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صوبائی سیکرٹریٹ میں مہنگائی کے خلاف مجید غوری اور عرفان کھوکھر کی قیادت میں عوامی رکشہ یونین کی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مہنگائی، بیروزگاری کے خلاف ماڈل ٹاؤن بنک سکوائر کے گرد ریلی نکالی گئی۔ حسن مرتضی نے مزید کہا کہ عمران خان اب بے عزت ہو کر جائے گا۔ قوم آپ کا محاسبہ بھی کرے گی۔ صبح 8 سے شام 6 بجے تک آپ کو گالیاں پڑتی ہیں۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عوامی رکشہ یونین کے صدر مجید غوری نے کہا کہ ہم لاہور کے 9 مقامات پر مہنگائی کیخلاف ریلیاں کرنے جا رہے ہیں۔ مجید غوری نے کہا کہ نومبر میں مہنگائی کیخلاف لیبر کنونشن میں بلاول بھٹو کو شرکت کی دعوت دینے آئے ہیں۔ بلاول بھٹو لاہور آئیں ہمارے 500 باوردی نوجوان آپ کی حفاظت کریں گے۔ عرفان کھوکھر نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں رکشوں میں ایل پی جی کا استعمال بند کرانے کیخلاف حسن مرتضی آواز بلند کریں۔ ایل پی جی کی قیمت 80سے 200روپے پہنچا دی گئی ہے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پیپلز پارٹی ضلع گوجرانوالہ کے جنرل سیکرٹری چودھری ارشاد اﷲ سندھو کے قیادت میں پیپلز لیبر بیورو ضلع گوجرانوالہ کے زیراہتمام حکومت کے خلاف نکالی گئی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ارشاد اﷲ سندھو نے کہا کہ ظالم حکمرانوں سے چھٹکارا وقت کی ضرورت ہے۔