نواز شریف کو ویکسین: 7 افراد ذمہ دار قرار‘ ایم ایس‘ سینئر ڈاکٹر معطل
لاہور (سٹی رپورٹر) نوازشریف کی ویکسین کی فیک انٹری کی انکوائری رپورٹ وزیراعلیٰ کوپیش کردی گئی، انکوائری کمیٹی نے سات افراد کو ذمہ دار قرار دیدیا جبکہ ایم ایس کوٹ خواجہ سعید کو عہدے سے ہٹا دیاگیا، مزید تحقیقات ایف آئی اے اپنی رپورٹ میں پیش کریں۔ انکوائری کمیٹی نے سات افراد ایم ایس ڈاکٹر احمد ندیم، ڈاکٹر منیر احمد، کلرک نوید، نرس صبا ریاض، وارڈ بوائے عادل رفیق، چوکیدار ابوالحسن اور ایم ایس کے پی اے رانا مظفر کو واقعہ کا ذمہ دار ٹھہرا کر کارروائی کی سفارش کردی۔ رپورٹ میں مزید کہا گیاکہ ویکسی نیشن سنٹر پر تعینات عملہ غیر تربیت یافتہ تھا، واقعہ میں سب سے زیادہ غفلت ایم ایس ڈاکٹر احمد ندیم کی تھی، ریکارڈ کی چیکنگ کے دوران بہت سے تضادات پائے گے، مزید یہ بھی انکشاف کیاگیا کہ کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کے ویکسی نیشن سنٹر سے متعدد اندراج کو کینسل کیاگیا۔ میاں منشی ہسپتال کے ایڈیشنل پرنسپل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد اعجاز بٹ کا کوٹ خواجہ سعید ہسپتال میں تبادلہ کردیا گیا۔ ایم ایس کا اضافی چارج دیدیا گیا ہے جبکہ واقعہ کے مرکزی ملزم ابوالحسن اور عادل ایف آئی اے کی حراست میں ہیں۔ ادھر کرونا ویکسین کا جعلی اندراج کرنے والے اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے اور اب تک صوبے کے آٹھ شہروں میں 16 افراد کو گرفتار اور 12مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ ان شہروں میں سیالکوٹ، وہاڑی، رحیم یارخان، لودھراں، لاہور، فیصل آباد، چنیوٹ اور ملتان شامل ہیں۔ یہ بات چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتائی گئی۔