• news

سرمایہ کاروں کو تحفظ دینگے، دنیا ابھرتے ہوئے نئے پاکستان کو نہیں روک سکتی : صدر علوی

لاہور (نیوز رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ غیرملکی سرمایہ کاروں کو تحفظ دینگے۔ دنیا ابھرتے ہوئے نئے پاکستان کو نہیں روک سکتی۔ لاہور ملتان روڈ پر چینی سرمایہ کاری سے قائم چیلنج ٹیکسٹائل فیکٹری کے نئے منصوبے چیلنج فیشن پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا  کہ 150ملین ڈالر سے نئے شروع ہونے والے چیلنج فیشن پارک سے ہزاروں لوگوں کو روزگار ملے گا۔ چینی سرمایہ کاری سے ملک صنعتی انقلاب کی طرف جا رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کرونا سے پوری دنیا متاثر ہوئی مگر پاکستان اس کو بڑی حد تک روکنے میں کامیاب رہا۔ اقتصادی طور پر کسی بھی ملک کو تنہا نہیں کیا جا سکتا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دنیا کو پاکستان کی ضرورت ہے اور چینی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے یہاں آئیں سرمایہ کاری کریں اور دنیا کو مثبت پیغام دیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آنے والے دن پاکستان کے لیے اچھے ہونگے۔ دنیا ابھرتے ہوئے نئے پاکستان کو نہیں روک سکتی۔ پاکستان میں چینی سرمایہ کاری لانے میں اہم کردار ادا کرنے والے معروف پاکستانی بزنس مین قمر خان بوبی نے کہا کہ چینی ٹیکسٹائل کمپنی چیلنج کی یہاں سرمایہ کاری سے ہزاروں لوگوں کو روزگار ملا ہے اور چیلنج فیشن پارک کی تعمیر کے بعد ٹیکسٹائل فیشن کی دنیا میں انقلاب آ جائے گا۔ قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیلنج ٹیکسٹائل فیکٹری کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور کمپنی  کی مینیجنگ ڈائریکٹر کیرن چن نے صدر مملکت کو چینی سرمایہ کاری کے بارے میں بریفنگ دی۔ دریں اثناء  نیشنل سکول آف پبلک پالیسی میں 114ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے شرکاء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ   ملک محض  وسائل سے نہیں ذہنی سوچ سے بدلتے ہیں۔ پاکستان بدل رہا ہے۔ ہمیں اس کی ترقی میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کرنا چاہئے۔ بیوروکریسی ملک سے کرپشن کے خاتمے میں بنیادی کردار ادا کر سکتی ہے۔ ہمیں مذہب اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ پر عمل کرنا چاہئے جس میں ہمیں سبق ملتا ہے کہ انسان کا انسان کے ساتھ رویہ کیسا ہونا چاہئے۔ صدر مملکت نے کہا کہ جن ممالک نے اپنے ادارے مضبوط کئے وہ کامیاب ہو گئے اور انہوں نے ترقی کی۔ انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی کو چاہئے کہ عوامی مسائل کی نشاندہی کر کے ان کے حل کی کوشش کرے اور ماضی کی ناکامیوں کو بھی ملحوظ خاطر رکھے۔ صدرمملکت عارف علوی نے کہا کہ سول سرونٹس عوامی خدمت کے دوران اخلاقیات اور ہمدردی کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ قبل ازیں ریکٹر نیشنل سکول آف پبلک پالیسی ڈاکٹر اعجاز منیر نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ صدر مملکت عارف علوی نے کورس کے 62شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے اور انہیں کورس کی کامیابی سے تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی لاہور میں علیم خان کے گھر گئے اور ان کے سسر کی وفات پر ان سے اظہارِ تعزیت کیا۔ انہوں نے مرحوم کیلئے مغفرت اور غمزدہ خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

ای پیپر-دی نیشن