مودی کی امریکہ آمد پر کشمیریوں ، سکھوں کا احتجاج ، جوبائیڈن نے استقبال نہ کیا
واشنگٹن+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز+ نیوز رپورٹر) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے امریکی صدر جوبائیڈن سے ملاقات کی۔ اس موقع پر بھارتی وزیراعظم مودی کو وائٹ ہاؤس آمد پر کسی نے گھاس نہ ڈالی۔ وائٹ ہاؤس آمد پر امریکی صدر جوبائیڈن نے مودی کا استقبال کرنا بھی گوارا نہ کیا۔ نریندر مودی خود ہی دروازے سے اندر چلے گئے۔ نریندر مودی کی امریکی صدر جوبائیڈن سے ملاقات کے موقع پر کشمیریوں نے وائٹ ہاؤس کے باہر مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نریندر مودی کیخلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔ مظاہرین نے مودی کیخلاف پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔ سکھ مظاہرین نے بھی احتجاج کیا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی ولرڈ ہوٹل میں مقیم ہیں جس کے باہر سکھ مظاہرین نے دھرنا دے دیا۔ سکھ فار جسٹس کمیونٹی نے ولرڈ ہوٹل کے باہر خالصتان کے پرچم لہرا دیئے۔ مظاہرین نے مودی کے خلاف اور خالصتان کی آزادی کے لئے نعرے بازی بھی کی۔ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے خطاب سے قبل عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی حکومت کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کو اجاگر کریں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نریندر مودی آج (ہفتہ کو) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کررہے ہیں جس میں وہ عالمی مسائل اور اپنی حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کریں گے۔ بھارتی وزیراعظم مودی نے امریکی نائب صدرکمیلا ہیرس سے ملاقات کی جس کے بعد بھارتی میڈیا میں مودی پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ بھارتی وزیراعظم نے ملاقات کے حوالے سے 9 ٹویٹ کئے جبکہ امریکی نائب صدر نے ایک بھی ٹویٹ نہیں کیا۔ جوبائیڈن نے ملاقات میں بھارتی وزیر اعظم کو گاندھی کے فلسفے پر لیکچر دیدیا۔