امریکہ نے 2023ء تک تمام کیمیائی ہتھیار ختم کرنے کا اعلان کر دیا
واشنگٹن (اے پی پی) امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے 2023 ء کے آخر تک تمام کیمیائی ہتھیاروں کے مکمل خاتمے کا اعلان کر دیا ہے۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق کیمیائی اور حیاتیاتی تحفظ کے پروگرام کی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری برائے دفاع برانڈی فین نے ایک سمپوزیم کے دوران کہا کہ ہمیں 31 دسمبر 2023 ء کی ڈیڈ لائن کو مدنظر رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ہمیں اس تاریخ تک کیمیائی ہتھیاروں کو تلف کرنے کا پابند کیا ہے لیکن ہم ستمبر 2023 تک اس عمل کو مکمل کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی سلامتی کے لیے اس ڈیڈ لائن کو پورا کرنا ضروری ہے۔ پینٹاگون کے عہدیدار نے کہا کہ امریکا اب تک اپنے 97 فیصد کیمیائی ہتھیاروں کو تباہ کرچکا ہے۔